اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کے معیار کو بہتر بنانا بڑا چیلنج ہے، یہ مقصد موجودہ نصاب تعلیم پر نظرثانی اور اساتذہ کی تربیت کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قائداعظم یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ …
وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کا قائداعظم یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کے معیار کو بہتر بنانا بڑا چیلنج ہے، یہ مقصد موجودہ نصاب تعلیم پر نظرثانی اور اساتذہ کی تربیت کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قائداعظم یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن کی صدارت قائداعظم یونیورسٹی کے پرو چانسلر وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کی اور امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں ڈگریاں اور طلائی تمغات تقسیم کئے۔ یہ قائداعظم یونیورسٹی کا مسلسل آٹھواں کانووکیشن تھا جس میں خزاں 2015ء تا بہار2017ء کے طلباء و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں ۔ کانووکیشن میں قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ طبیعاتی سائنسز کے کل 1009 حیاتیاتی سائنسز کے 1648 اور سوشل سائنسز کے1807 طلباء و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں جن کی کل تعداد 4466 تھی۔ قائداعظم یونیورسٹی کانووکیشن میں بی ایس کے کل480 ایم ایس سی کے 2314 ایم فل کے 1461 جبکہ پی ایچ ڈی کے 211 طلباء و طالبات کو اسناد دی گئیں جبکہ 30 طلباء و طالبات کو چانسلر میڈلز اور 152 طلباء و طالبات کو وائس چانسلر میڈلز سے نوازا گیا۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے طلباء و طالبات والدین اوراساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں جنہیں اعلیٰ تعلیم کا موقع ملا، اب آپ نے یہ سوچنا ہے کہ کس طرح اپنے ملک اور قوم کی خدمت کرکے اس قرض کو لوٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن سیکٹر میں اس وقت بڑا چیلنج تعلیم کے شعبہ میں معیار کو بڑھانا ہے اور یہ مقصد موجودہ نصاب تعلیم کو ترقی کی رفتار کو مدنظر رکھتے ہوئے نظرثانی کرنے اور اساتذہ کی تربیت ”فیکلٹی ڈویلپمنٹ” کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ یونیورسٹی نہ صرف ملک کی صف اول کی اہم جامعہ ہے بلکہ حالیہ عالمی ریکنگ میں بھی یونیورسٹی نے اہم مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے گزشتہ 2 برس میں انٹرنیشنل جرنلز میں چھپنے والے تحقیقی مقالوں کی تعداد تین ہزار سے زائد ہے۔ وائس چانسلر نے حکومت سے یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر اور ڈویلپمنٹ کے منصوبوں کے مکمل کرنے کے حوالہ سے تعاون کی امید ظاہر کی تاکہ جامعہ ملک کو اہم تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے۔








