سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا قومی پارلیمانی مشاورتی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع کی فراہمی کی ضما نت دیتا ہے، آئین کے تحت 5 سے 16 سال تک کی عمر کے بچوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے …

اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع کی فراہمی کی ضما نت دیتا ہے، آئین کے تحت 5 سے 16 سال تک کی عمر کے بچوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے جامع پالیسیاں وضع کرنے کی ضرورت ہے، اٹھارویں ترمیم سے صوبائی اکائیوں کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور اب صوبے عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں منگل کو پاکستان انسٹیٹوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی 2روزہ قومی پارلیمانی مشاورتی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے غربت کے خاتمہ، تعلیم اور روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں اس وقت ایک بڑا چیلینج ہیں جن پر قابو پانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والی علاقائی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس کانفرنس میں تمام ہمسایہ ممالک شرکت کریں گے۔ انہوں نے ملک کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ہماری پہچان ہے اور اس کی ترقی ہم سب کی ترقی و خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے اور جب بھی اس ملک پرکوئی مشکل وقت آیا تو پوری قوم نے متحد ہو کر اس کا مقابلہ کیا۔ اسد قیصر نے ماڈل ویلیجز کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں بے سہارا اور یتیم بچوں کی ایک بڑی تعداد تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ماڈل ویلیجز کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ویلیجز کے قیام کیلئے انہوں نے ملک میں کام کرنے والی سماجی تنظیموں کو اکٹھا کیا ہے اور اس منصوبے پر ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ماڈل ویلیجز میں یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے رہائش سکول، کالجز، ہسپتال اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور یہ ماڈل ویلیجز چاروں صوبوں کے دارالحکومتوں میں قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختوںخوا میں ماڈل ویلیج کے قیام کیلئے انہوں نے ایک ہزار کنال ذاتی زمین وقف کی ہے۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ پر اپنے اپنے حلقوں میں فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) پر 2روزہ قومی پارلیمانی مشاورتی کانفرنس کے انعقاد کے سلسلہ میں قومی اسمبلی میں ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کے کنوینئر ریاض فتیانہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس سلسلہ میںیو این ڈی پی اور یونیسیف کے تعاون کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء کو ملک کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرنے اور ان کے حل کیلئے تجاویز دینے کیلئے کہا۔ ایس ڈی جیز قومی مشاورتی کانفرنس میں سینیٹرز قومی اسمبلی، چاروں صوبائی اسمبلیوں، گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کے ممبران اورسول سوسائٹی کے نمائندوں نے شر کت کی۔

Leave a Reply