جدہ ۔ 28 مئی (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے منگل کوجدہ پہنچ گئے۔ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رائل ٹرمینل پر سعودی وزارت خارجہ کے چیف آف پروٹوکول جمال ناصر، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز اور جدہ قونصلیٹ کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر سعودی رائل پروٹوکول کے حکام بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ او آئی سی ممالک کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ اجلاس29 مئی کو ہوگا۔ اجلاس میں باہمی مشاورت سے اسلامی سربراہی کانفرنس کے مسودہ ”مکہ اعلامیہ” کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سربراہی کانفرنس کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے کشمیر کا اجلاس بھی متوقع ہے جو کہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے، اس میں کشمیر کی جاری صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں کشمیر کے حقیقی نمائندے رابطہ گروپ کو کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے۔