اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے مستحق اور غریب افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ہائوسنگ اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کو خصوصی اہمیت دے رکھی ہے، پہلے سے تیار شدہ گھروں کی تعمیر اس لئے ضروری ہے کہ یہ سستے اور کم وقت میں تیار …
وزیر اعظم عمران خان کا ”ایزی فیبریکیٹڈ ہومز پرائیویٹ لمیٹڈ منصوبے” کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے مستحق اور غریب افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ہائوسنگ اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کو خصوصی اہمیت دے رکھی ہے، پہلے سے تیار شدہ گھروں کی تعمیر اس لئے ضروری ہے کہ یہ سستے اور کم وقت میں تیار ہوسکتے ہیں، سستے گھروں کی فراہمی کا منصوبہ حکو مت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے، زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے چین کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے، فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے پاکستان کی اقتصادی شرح نمو کے اضافہ کے ساتھ ساتھ ملک سے غربت کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی، ملک کے تجارتی خسارہ کو کم کرنے کے لئے برآمدات میں اضافہ کریں گے، چینی سرمایہ کار پاکستان میں صنعتوں کی منتقلی کریں، حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں ”ایزی فیبریکیٹڈ ہومز پرائیویٹ لمیٹڈ منصوبے” کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وفاق کابینہ کے ارکان، پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ یہ پلانٹ ممتاز چینی کمپنی ہنان ڈی آرکنسٹرکشن گروپ ایم تھری خصوصی اقتصادی زون میں قائم کررہی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیرا عظم عمران خان کے حالیہ دورہ بیجنگ میں ہنان ڈی آر کنسٹرکشن گروپ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ان کی ملاقات کے دوران گروپ نے مقامی طلب پورا کرنے کے لئے پاکستان میں پری فیبریکیٹڈ گھروں کی تیاری کے لئے سرمایہ کاری کرنے اور ٹیکنالوجی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پری فیبریکیٹڈ ہائوسنگ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان دو شعبوں میں سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دے رہا ہے جن میں ہائوسنگ اور زراعت کے شعبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہائوسنگ کا منصوبہ مستحق افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس پر ملک میں پہلی مرتبہ کام کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پری فیبریکیٹڈ ہائوسز ملک کے لئے اس لئے ضروری ہیں اور یہ سستے اور جلد تعمیر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے فائیو سٹار بزنس سنٹر کو نہ صرف 6ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کرلیا گیا ہے بلکہ اس کو آپریشنل بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں40 فیصد لوگ کچی آبادیوں میں رہتے ہیں، اسی طرح اسلام آباد اور لاہور کے کئی اہم مقامات پربھی کچی آبادیاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ان آبادیوں میں رہنے والے افراد کے لئے گھر کیسے تعمیر کئے جاسکیں اور ہزاروں افراد پر مشتمل اس آبادی کو گھروں یا فلیٹس کی تعمیر کے دوران کہاں رکھا جائے۔ اس حوالے پری فیبریکیٹڈ ہائوسز اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلیٹس چار پانچ ماہ میں مکمل کئے جاسکتے ہیں اور لوگوں کو ان میں منتقل کرکے دیگر زمین کو کمرشل استعمال میں لایا جا سکتاہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ پری فیبریکیٹڈ گھروں کی تمعیر ہمارے لئے اس لئے بھی خصوصی اہمیت کی حامل ہے کہ یہ سستے ہیں جن کی تعمیر سے ہم زمین کو جلد از جلد قابل استعمال بناسکتے ہیں۔








