معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا "گلوبل پیس میگزین اینڈ تھینک ٹینک ” کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے مقرر کردہ اہداف کو سامنے رکھ کر انھیں حاصل کرلیتی ہیں وہ کبھی ناکام نہیں ہوتیں ،کامیاب قومیں دوسروں کے لئے مشعل راہ ہوتی ہیں ،جب قیادت جرات مندی اور کمٹمنٹ کے ساتھ آگے بڑھتی ہے تو وہ کامیابیاں اپنے نام کرتی ہیں …

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے مقرر کردہ اہداف کو سامنے رکھ کر انھیں حاصل کرلیتی ہیں وہ کبھی ناکام نہیں ہوتیں ،کامیاب قومیں دوسروں کے لئے مشعل راہ ہوتی ہیں ،جب قیادت جرات مندی اور کمٹمنٹ کے ساتھ آگے بڑھتی ہے تو وہ کامیابیاں اپنے نام کرتی ہیں ،پاکستان کے جنوبی کوریا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، سماجی اور معاشی سمیت ہر شعبے میں تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں ، بیرونی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کی فضاء ساز گار ہے ،جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پرخیر مقدم کرینگے،پاکستان کی خواتین با صلاحیت ہیں ،وہ ہر شعبے میں تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہیں ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو "گلوبل پیس میگزین اینڈ تھینک ٹینک ” کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف ایگزیکٹو ٹرسٹ انوسٹمنٹ بینک مسٹر لی،میگزین کی چیف ایڈیٹر فریحہ عظیم شاہ ،میڈم ساجدہ ،سابق صوبائی وزیر اشرف سوہنا سمیت دیگرمہمانان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلوبل پیس میگزین نہ صرف علاقائی ،مقامی یا قومی بلکہ عالمی سطح کے اہم شعبوں میں ہونے والی ترقی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ پراپیگنڈا کیا جاتا تھا کہ پاکستان کے سماجی شعبے ،معاشی شعبے اور دیگر اہم شعبوں میں خواتین آگے نہیں ہیں ،فریحہ شاہ کی اس کاوش نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان کی خواتین میں کتنی صلاحیت موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلوبل پیس میگزین جنوبی کوریا کی عوام، کاروباری طبقات سمیت ہر شعبے کے مابین بہتر رابطے کا باعث بنے گا اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی ۔