خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا محسن مرتضیٰ شہید ماڈل سکول برائے طلباءجی سکس فور میں چین۔پاکستان فرینڈشپ کمپیوٹر لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے پاک۔چین دوستی کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم کے شعبہ میں تعاون عام آدمی کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں محسن مرتضیٰ شہید ماڈل سکول برائے طلباءجی سکس فور میں چین۔پاکستان فرینڈشپ کمپیوٹر لیبارٹری کے افتتاح کے …

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے پاک۔چین دوستی کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم کے شعبہ میں تعاون عام آدمی کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں محسن مرتضیٰ شہید ماڈل سکول برائے طلباءجی سکس فور میں چین۔پاکستان فرینڈشپ کمپیوٹر لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ پاکستان میں چین کے سفیر کی اہلیہ لو شن یو بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون خطہ میں امن برقرار رکھنے کیلئے مددگار ہے، پاکستان کئی برسوں سے مشکل اوقات میں چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور غربت کے خاتمہ کیلئے چین کی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات سے سیکھنا ہو گا۔ خاتون اول نے کہا کہ حکومت طلباءکو مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے قابل بنانے اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کمپیوٹر لیبارٹری کے قیام پر چینی سفارتخانہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ لیبارٹری طلباءکو علم و تحقیق کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ لیبارٹری طلباءکی ٹیکنالوجی کے شعبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں حوصلہ افزاءثابت ہو گی اور طلباءپر زور دیا کہ توانائیاں تعلیم کے حصول پر صرف کریں۔ چینی سفیر کی اہلیہ لو شن یو نے کہا کہ چین پاکستانی طلباءکو جدید ٹیکنالوجی اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ نئی قائم کردہ یہ کمپیوٹر لیبارٹری 31 کمپیوٹر ورک سٹیشنوں اور طلباءکیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مزین ہے۔

مزید خبریں