وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر فن لینڈ کے اپنے ہم منصب تیمو سوئینی سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے بچانے کیلئے فن لینڈ سمیت عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کوئی جعلی فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔ …

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے بچانے کیلئے فن لینڈ سمیت عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے کوئی جعلی فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔ جمعہ کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چوہترویں اجلاس کے موقع پر فن لینڈ کے اپنے ہم منصب تیمو سوئینی سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے فن لینڈ کو مسلسل تیسری مرتبہ یورپی یونین کونسل کی صدارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکبا د دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے یکسر منافی ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نو لاکھ فوج تعینات کر کے 80 لاکھ کشمیریوں کو پچھلے 53 روز سے محصور کر رکھا ہے۔ذرائع مواصلات پر پابندی کے سبب اصل حقائق سامنے نہیں آرہے لیکن انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور بین الاقوامی میڈیا جو رپورٹس سامنے لا رہا ہے وہ انتہائی المناک ہیں۔