اسلام آباد ۔ 23نومبر(اے پی پی) پاک بحریہ کے دو جہازوں نے موریطانیہ کا دورہ کیا ، مشن کمانڈر نے اس موقع پر اہم ملاقاتیں کیں اور میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس پر موریطانیہ کے عوام نے پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔پاک بحریہ کے ترجمان کی طرف سے ہفتے کو یہاں جاری بیان کے مطابق موریطانیہ کی بندرگاہ نواکشوط میں میزبان بحریہ نے پاکستانی جہازوں معاون اور اصلت کا پْرتپاک استقبال کیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ مشن کمانڈر نے میزبان بحریہ اور سول حکام سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پاک بحریہ کے سمندری تحفظ کے اقدامات کو اجاگر کیا۔ ترجمان نے کہا کہ مشن کمانڈر نے امیرالبحر کی جانب سے موریطانیہ کے عوام اور بحریہ کے لیے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت موریطانیہ میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں 2000 سے زائد افراد کو علاج معالجہ ، سرجری اور ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق موریطانیہ کے عوام نے پاک بحریہ کے میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو بڑے پیمانے پر سراہا اور پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے جہاز معاون پر خصوصی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیہ میں موریطانیہ کی بحریہ کے اعلیٰ حکام، سفارتی عملہ اور مقامی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے جس سے دوطرفہ بحری تعاون کو مزید استحکام ملے گا اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو فروغ حاصل ہوگا ۔