اسلام آباد ۔05 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت تمام سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے گی۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کسی قسم کا ڈیڈ لاک نہیں ہے کیونکہ حکومت ملک کے بہترین مفاد میں تمام سیاسی معاملات کو …
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار کی نجی ٹی وی سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔05 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت تمام سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے گی۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کسی قسم کا ڈیڈ لاک نہیں ہے کیونکہ حکومت ملک کے بہترین مفاد میں تمام سیاسی معاملات کو اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات سے حل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے گا جو جمہوریت کا حسن ہے۔ محمد عثمان ڈار نے اس امید کا اظہار کیا کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے درمیان مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے اور اپوزیشن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ارکان اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سمیت دیگر تمام ریاستی امور کے لئے مذاکرات کا عمل شروع کیا ہے، توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں تمام امور کو مذاکرات کے ذریعے حل کرلیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں کے دوران ہم چیف الیکشن کمشنر اور سندھ و بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے اراکین کے ناموں پر اتفاق کرلیں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے، حکومت ہر شہری کے ساتھ مساوی سلوک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا مشن ہے کہ کامیابی اس وقت تک نہیں مل سکتی جب تک ہر شہری کے لئے مساوی قانون کو یقینی نہ بنایا جائے۔ محمدعثمان ڈار نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست تو پاکستان میں کرنا چاہتے ہیں لیکن اپنا علاج بیرون ملک سے کرانے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدالت آصف علی زرداری کو اجازت دیتی ہے تو حکومت اس میں مداخلت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کے ساتھ قانون کے مطابق مساوی سلوک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آصف علی زرداری کی صحت پر میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے مطابق عمل کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں پر امن اور خوشحال پاکستان کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے اور قوم کے مفاد پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبات کو تسلیم نہیں کرے گی لیکن ان کے آئینی مطالبات کو قبول کیا جائے گا۔








