قائد اعظم نے آر ایس ایس کے نظریے کو بھانپ لیا تھا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت میں متنازع شہریت بل کی وجہ سے افرا تفری پھیل رہی ہے ، قائد اعظم نے آر ایس ایس کے نظریے کو بھانپ لیا تھا، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی رویہ سے دو قومی نظریہ فاتح ہو گیا، بھارت کی طرف سے پاکستانی گائوں پر …

اسلام آباد ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت میں متنازع شہریت بل کی وجہ سے افرا تفری پھیل رہی ہے ، قائد اعظم نے آر ایس ایس کے نظریے کو بھانپ لیا تھا، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی رویہ سے دو قومی نظریہ فاتح ہو گیا، بھارت کی طرف سے پاکستانی گائوں پر قبضہ کا دعویٰ بے بنیاد ہے، بھارت اپنی اندرونی افراتفری سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت کا مکروہ چہرہ پاکستانی میڈیا کے ذریعے بے نقاب ہو رہاہے، بلاول بھٹو زرداری ملک میں گٹھ جوڑ اور مک مکا والی جمہوریت چاہتے ہیں جس کا امکان نہیں، جمہوریت سے بلاول کی مراد بدعنوانی کے لائسنسز کی تقسیم ہے، جمہوریت کی باتیں کرنے والے پہلے اپنی پارٹی میں جمہوریت لائیں، بلاول پہلے سندھ میں جمہوریت لائیں اور اپنے وزیر اعلیٰ کو آزاد کریں، انہوں نے وزیر اعلی سندھ کو کٹھ پتلی بنا رکھا ہے، آج سلیکٹڈ کا طعنہ وہ دے رہے ہیں جن کی اپنی سلیکشن پرچی کے ذریعے ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) والے ووٹرز کو تنہا چھوڑ کر ایک، ایک کر کے ملک سے باہر جا رہے ہیں، جمہوریت اقتدار بلکہ عوام کی رائے کا نام ہے، قومی معیشت کو ایل این جی کا ٹیکا لگانے والے نیب کی حراست میں ہیں، حکومت عوام کو سستی گیس کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، گذشتہ سال کی نسبت گیس کے پریشر میں 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اتوار کو سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت جو سیکولر سٹیٹ اور سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرتا تھا آج وہ اپنے گلی گلی، محلہ محلہ، شہر شہر میں دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے، بھارت اپنے اندرونی انتشار اور افرا تفری سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کا پاکستانی گائوں پر قبضے کا دعوی بے بنیاد ہے، پاکستان کے عوام چوکس ہیں اور وہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہیں ، بھارت کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور پاکستانی میڈیا حقائق دنیا کے سامنے لا رہا ہے ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں ایک آواز محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی یا انتخابات کے دنوں میں سنائی دیتی ہے جن کی اپنی سلیکشن پرچی کی بنیاد پر ہوئی ہے اور وہ دوسروں کو سلیکٹڈ کا طعنہ دیتے ہیں ، ان کے منہ سے نکالنے والے الفاظ ذاتیات ، بغض اور حسد پرمبنی ہوتے ہیں اور وہ شخصیت بلاول زرداری بھٹو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول ملک میں جس طرح جمہوریت چاہتے ہیں اس کا مقصد کرپشن کے لائسنس بانٹنا ہے ، ماضی میں لوٹ مار اورکرپشن کی طویل داستانیں ہیں جس نے پاکستان کے ہر بچے کو مقروض کیا ہے اورگذشتہ 10سال کے دوران جمہوریت کے نام پر جمہوریت ہی کو چھرا گھونپا گیا، میں انہیں بتا دینا چاہتی ہوں پہلے وہ اپنی پارٹی ، خاندان میں جمہوریت لائیں اور میرٹ پر سلیکشن کریں ، جب بھی میرٹ پر سلیکشن ہوگی تو فاطمہ بھٹو کا نام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کا رویہ غیر جمہوری ہے وہ جس صوبے میں حکومت کر رہے ہیں وہاں پہلے جمہوریت لائیں اور اپنے وزیر اعلیٰ کو آزاد کریں کیونکہ کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو کٹھ پتلی بنا رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے حقیقی معنوں میں جمہوری رویے بدلے ہیں اور جو اکثریت سے منتخب ہو اسے وزیر اعظم کہتے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہماری ایک بہن پاکستان سے باہر جانا چاہتی ہے اور وہ ہمیشہ ووٹ کو عزت دوکی بات کیا کرتے تھے مگر اب وہ ایک ، ایک کر کے ملک سے باہر جا رہے ہیں ،میں ان سے پوچھتی ہوں آپ نے تو ووٹر کے ساتھ جینے مرنے کے وعہدے کیئے تھے۔ان لوگوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ انکی جمہوریت اقتدار کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کا مسیحا ہیں اور پاکستان کو انکی ضرورت ہے کیونکہ انکا دامن کرپشن سے بے داغ ہے اور وہ پاکستان کے محافظ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے بڑے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گیس نرخوں کے اضافے پر کچھ عناصر پراپیگنڈہ کر رہے ہیں حکومت عوام کو سستی گیس فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ اصل راہزن ہیں جو راہبر بننے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں گیس کے مسئلہ پر سیاست نہیں کرنے دی جائے گی ، حکومت نے گیس کے پریشر میں 12فیصد اضافہ کر دیا ہے کیونکہ گذشتہ سال کی نسبت اس کے استعمال میں اڑھائی فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم نے متعلقہ وزارت کو گھریلو صارفین کے بلاتعطل فراہمی کی ہدایت فراہم کر دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اوگرا نے گیس کے نرخوں میں اضافہ کی جو سمری بھیجی اس پر من و عن عمل نہیں کیا جا سکتا ، حکومت جانتی ہے کہ عوام اضافی بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہاکہ نئے سلیبز میں 300یونٹس بجلی کے اور کم گیس استعمال کرنے والوں کو ریلیف دیا گیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مشرف کے حوالے سے فیصلہ 2007ء کی ایمر جنسی کے نفاذ پر آیا ہے جبکہ 2010ء میں 18 ویں ترمیم کے بعد اسے جرم قرار دیا گیا۔

مزید خبریں