سیالکوٹ ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو دستیاب حقوق کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، پاکستان میں اقلیتی برادری مذہبی فرائض کی ادائیگی میں آزاد ہے، کرسمس کا دن دکھی انسانیت سے محبت اور تجدید عہد کا دن ہے، قائد اعظم نے تمام شہریوں کو بلاتفریق مذہب، زبان، رنگ …
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا سیالکوٹ میں مسیحی برادری کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
سیالکوٹ ۔ 22 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو دستیاب حقوق کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، پاکستان میں اقلیتی برادری مذہبی فرائض کی ادائیگی میں آزاد ہے، کرسمس کا دن دکھی انسانیت سے محبت اور تجدید عہد کا دن ہے، قائد اعظم نے تمام شہریوں کو بلاتفریق مذہب، زبان، رنگ و نسل آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی، قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے، آئین میں اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، پاکستان کو استحکام کی طرف لے جانے کی ذمہ داری وزیر اعظم عمران خان کے ذمہ آئی ہے، وزیر اعظم اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہیں،پاکستان میں بسنے والے مسیحی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، حکومت مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے، مسیحی بھائیوں کی ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی دفاع میں بھی قابلِ قدر خدمات ہیں جن کو کبھی بھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، نئے پاکستان میں تمام اقلیتی نمائندوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں،نام نہاد سیکولر بھارت کا سیاہ اور مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے، بھارت میں آر ایس ایس کا نظریہ مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، بھارتی حکومت فاشسٹ اور انتہا پسند حکومت کا روپ دھار چکی ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو سیالکوٹ میں مسیحی برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر اپنی اور اپنی حکومت کی طرف سے دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں، کرسمس دنیا میں امن اور بھائی چارے کا پیغام پھیلانے کا دن ہے، کرسمس دلوں کو قریب لانے اور نفرتوں کے خاتمے کا باعث بنتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے مسیحی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، حکومت مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں دیگر طبقات کے ساتھ مسیحی برادری بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور درگزر کرنے کی تعلیم دیتا ہے، مذہبی ہم آہنگی مسلمانوں کے عقیدے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی پاکستان کے تمام شہریوں کو بلاتفریق مذہب، زبان اور رنگ و نسل مساوات، آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نیا پاکستان اسی صورت تعمیر ہو سکتا ہے جب معاشرے کے محروم طبقات کو ساتھ لے کر چلا جائے اور انہیں آگے بڑھنے کے لئے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت فراہم کی گئی ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی، وطن عزیز کے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی ترجمانی کرتا ہے اور پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مسیحی بھائیوں کی ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ ملکی دفاع میں بھی قابلِ قدر خدمات ہیں جن کو کبھی بھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، نئے پاکستان میں تمام اقلیتی نمائندوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔







