اسلام آباد ۔ 23 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے، عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے جو اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، پارلیمنٹ عوام کو جوابدہ ہے، قومی مفادات کے معاملات پر قانون سازی …
وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 23 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے، عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے جو اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، پارلیمنٹ عوام کو جوابدہ ہے، قومی مفادات کے معاملات پر قانون سازی کرنا اپوزیشن اور حکومت دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف کہتے تھے کہ ایک پیسہ کی بھی کرپشن نہیں کی مگر اپوزیشن لیڈر اور ان کے بیٹوں کے خلاف بدعنوانی کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ پاکستان واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ نواز شریف کو بیماری کے باعث علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی، اگر نواز شریف واپس نہیں آتے تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب حکومت کے ماتحت ادارہ نہیں، حکومت نیب کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی، نیب آزادانہ طور پر بدعنوان عناصر اور لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرتا ہے اور انہیں پکڑتا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ عدل ہو، انہوں نے کہا کہ حکومت اداروں کی کارکردگی اور ان میں شفافیت لانے کیلئے نیب، جوڈیشل، الیکشن اور پراسیکیوٹر ریفارمز کی بڑی کوشش کر رہی ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں ان معاملات پر سنجیدگی نہیں دکھا رہیں۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ جمہوریت اور احتساب کو الگ الگ کر کے دیکھنا چاہیے، سب کا بلاتفریق احتساب ہونا ضروری ہے، پی ٹی آئی حکومت پہلے دن سے ملک سے کرپشن کی لعنت کے خاتمے اور قومی خزانے سے لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کیلئے پر عزم ہے ، اب لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے جسے عوام کی فلاح اور ملک کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی سے سیاسی انتقام نہیں لے رہی، ماضی میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے ملک کے اداروں کو تباہ کیا، موجودہ حکومت معیشت سمیت اداروں کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔







