وفاقی وزیر ڈاکٹر نور الحق قادری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری کا دربار گولڑہ شریف میں عالمی ختم نبوت کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حضور اکرمﷺکے نام پر قربان ہونا ہی آب حیات ہے، پاکستان کا وجود بھی اولیاءکرام کے فیضان سے ہے، وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کو نظریاتی اساس سے نہیں ہٹاسکتا، ختم نبوت کا منکر کل بھی کافر تھا اور آج بھی کافر ہے، کوئی نظام انہیں …

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حضور اکرمﷺکے نام پر قربان ہونا ہی آب حیات ہے، پاکستان کا وجود بھی اولیاءکرام کے فیضان سے ہے، وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کو نظریاتی اساس سے نہیں ہٹاسکتا، ختم نبوت کا منکر کل بھی کافر تھا اور آج بھی کافر ہے، کوئی نظام انہیں مسلمان قرار نہیں دے سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو دربار گولڑہ شریف میں منعقدہ عالمی ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو رسالت کا غلام ہو اسے بغیر جستجو اور تحقیق کے کافر، مرتد قرار نہیں دیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ پیر مہر علی شاہ ایسی عظیم شخصیت تھیں جن کا تعارف ہم یا کوئی اور نہیں بلکہ خود انکی تعلیمات ہیں۔ کانفرنس میں اجمیر شریف کے سجادہ نشین رﺅف اجمیری اور پاک پتن شریف کے جانشین دیوان احمد مسعود چشتی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فخر سے کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے ختم نبوت اور ریاست مدینہ کی آواز اٹھائی ہے، پوری دنیا کے سامنے تحفظ ختم نبوت کے لیے اقدامات بھی وزیراعظم نے تجویز کئے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرمﷺ کی زندگی اور تعلیمات ہر مکتبہ فکر، ہر شعبہ زندگی اور پوری انسانیت کے لئے بہترین نمونہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام تلوار سے نہیں بلکہ اولیائے کرام کی کاوشوں سے پھیلا، برصغیر میں مزارات اس کی بڑی مثال ہیں۔ زلفی بخاری نے کہا کہ پیر جامی صاحب اور علماءکرام اس کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوّت پر پورا پاکستان اکٹھا ہے اوریہ ہمارے ایمان کا حصّہ ہے۔ پیر نظام الدین جامی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر مہر علی شاہؒ ایسی عظیم شخصیت تھیں جن کا تعارف ہم یا کوئی اور نہیں بلکہ خود انکی تعلیمات سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیئے کہ وہ گمراہ افراد سے گریز کریں اور صحیح معنوں میں اولیاءکرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں جو دنیاوی واخروی نجات کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتشار کے نہیں بلکہ اتفاق کے حامی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ بین الاقوامی ختم نبوت کانفرنس میں مختلف قراردادیں بھی پیش کی گئیں اور مطالبہ کیا گیا کہ ریاست مدینہ کو عملی شکل دینے کے لئے علماءو مشائخ عظام پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے اورسودی نظام کے خاتمہ کے لئے اسلامی معاشی نظام متعارف کرایا جائے۔ ختم نبوت کے عقیدے سے متعلق بہترین اقدامات اٹھائے جائیں، شرکاءنے ان قراردادوں کی منظوری دی۔

مزید خبریں