وزیر اعظم عمران خان سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کپاس پاکستان کی اہم ترین فصل ہے جس کی پیداوار سے روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، ملکی برآمدات کا 60 فی صد حصہ کپاس اور اس کی مصنوعات پر مشتمل ہے، حکومت اس ضمن میں چین کے اشتراک سے کپاس سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کے لیے ریسرچ …

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کپاس پاکستان کی اہم ترین فصل ہے جس کی پیداوار سے روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، ملکی برآمدات کا 60 فی صد حصہ کپاس اور اس کی مصنوعات پر مشتمل ہے، حکومت اس ضمن میں چین کے اشتراک سے کپاس سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کے لیے ریسرچ پر توجہ دے رہی ہے، زرعی ادویات اور بیج کی اقسام میں ملاوٹ کرنے والے مافیا کے خلاف سخت اقدامات لیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں گوہر اعجاز، رحمان نسیم، عامر فیاض شیخ، فواد مختار، خواجہ محمد انیس، دانش قیصر، کامران ارشد، عبدالرحیم ناصر، یوسف عبداللہ، شاہد ستار، حامد زمان خان اور طارق سعود شامل تھے۔ اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی، چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی اور سیکرٹری تجارت ڈویژن بھی ملاقات میںموجود تھے۔ اپٹما وفد نے وزیر اعظم اور حکومت کی معاشی ٹیم کا ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔ وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ گزشتہ سال کپاس کی فصل کو ٹڈی دل کے حملے سے کافی نقصان ہوا جس کی وجہ سے پیداوار کم ہوئی اس سے ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی کا خدشہ ہے۔ وفد نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعظم نے وفد کی تجویز پر تجارت ڈویژن کو ہدایت جاری کی کہ کپاس کی پیداوار کے معاملات کو دیکھنے کے لیے ماہر فوکل پرسن تعینات کیا جائے۔ وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپاس پاکستان کی اہم ترین فصل ہے جس کی پیداوار سے روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ ملکی برآمدات کا 60 فی صد حصہ کپاس کی فصل اور اس کی مصنوعات پر مشتمل ہے۔حکومت اس ضمن میں چین کے اشتراک سے کپاس سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کے لیے ریسرچ پر توجہ دے رہی ہے۔ اپٹما وفد کی تجاویز کے حوالے سے وزیر اعظم نے ہدایات جاری کیں کہ سیڈ ایکٹ میں ترامیم، کاٹن سیس کو کپاس کی ریسرچ کے لیے مختص کرنے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا جائے، مختلف اقسام کے بیج کی رجسٹریشن اور ٹیکس ریفنڈ کے عمل کو آسان بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی ادویات اور بیج کی اقسام میں ملاوٹ کرنے والے مافیا کے خلاف سخت اقدامات لیے جائیں گے۔