وزیر اعظم عمران خان نے جنرل بس سٹینڈ فیصل آباد میں تعمیر کی گئی جدید سہولیات سے آراستہ پناہ گاہ کا افتتاح کیا،

فیصل آباد۔ 3 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کی دوپہر جنرل بس سٹینڈ فیصل آباد میں تعمیر کی گئی جدید سہولیات سے آراستہ پناہ گاہ کا افتتاح کر دیا جبکہ اس موقع پر ریاست مدینہ کے حوالے سے سادگی کی مثال قائم کرتے ہوئے انہوںنے پناہ گاہ میں موجود افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا نیز وزیر اعظم کی موجودگی میں پناہ گاہ کے انتظام …

فیصل آباد۔ 3 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کی دوپہر جنرل بس سٹینڈ فیصل آباد میں تعمیر کی گئی جدید سہولیات سے آراستہ پناہ گاہ کا افتتاح کر دیا جبکہ اس موقع پر ریاست مدینہ کے حوالے سے سادگی کی مثال قائم کرتے ہوئے انہوںنے پناہ گاہ میں موجود افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا نیز وزیر اعظم کی موجودگی میں پناہ گاہ کے انتظام و انصر ام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔وزیر اعظم کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہمراہ جنرل بس سٹینڈ آمد کے موقع پر مدینہ گروپ آف انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد حنیف ، کمشنر فیصل آباد عشرت علی، ریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ ، ڈپٹی کمشنر محمد علی، سی پی او سہیل چوہدری، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلوے میاں فرخ حبیب، کئی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور اہم صنعتی و کاروباری شخصیات نے ان کا پر تپاک خیر مقدم کیا۔وزیر اعظم نے جنرل بس سٹینڈ آمد کے فوری بعد پناہ گاہ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا جہاں انہیں مذکورہ پناہ گاہ کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر پناہ گاہ کی تعمیر کا بیڑا اٹھانے والے ممتاز صنعتکار و مدینہ گروپ آف انڈسٹریز اینڈ مدینہ یونیورسٹی کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد حنیف نے وزیر اعظم و وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ جنرل بس سٹینڈ فیصل آباد پر قائم کی گئی پناہ گاہ میں بے گھر و پردیسی افراد اور مسافروں کو رات گزارنے کیلئے قیام و طعام کی بہترین سہولیات میسر آسکیں گی جبکہ پناہ گاہوں کے قیام کے باعث چھت سے محروم ، بے سہارا افراد بھی سخت سردی میں قیام کے علاوہ یہاں دوپہر و رات کے کھانے اور صبح کے ناشتے سے بھی مستفید ہوں گے نیزساڑھے 3کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ پناہ گاہ کم شیلٹر ہوم کے ساتھ مسجد، لائبریری، باتھ و واش روم بھی تعمیر کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے وزیر اعظم کی خواہش پر اپنی ذاتی دلچسپی سے انتہائی قلیل عرصہ میں اس پناہ گاہ کی جنرل بس سٹینڈ فیصل آباد پر تعمیر ممکن بنائی ہے تاکہ شدید سردی یا دیگر موسمی حالات میں بس سٹینڈ فیصل آباد سے دوسرے شہروں کو سفر کرنے، ٹرانسپورٹ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں رات کو محفوظ مقام پر قیام کے علاوہ بے گھر ، بے سہارا افراد بھی راتوں کو فٹ پاتھوں پر سونے کی بجائے اس پناہ گاہ میں قیام کے علاوہ طعام سے بھی استفادہ کر سکیں۔انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کا تعاون بھی شکریہ کا مستوجب ہے کہ ان کی مدد سے پناہ گاہ میں گرم بستروں کا انتظام بھی کر دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پناہ گاہ کو مستقل بنیادوں پر اپنے ذاتی گھروں کی طرح انتہائی صاف و شفاف بھی رکھنے کیلئے تمام اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ نادار اور بے کس افراد کی مدد ہمارا دینی،اخلاقی اور قومی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے بھی مجبور اور بے سہارا افراد کی دستگیری کا درس دیا ہے جس کے پیش نظر پناہ گاہ کا منصوبہ اسلامی تعلیمات کے مطابق انسانی بھلائی کا فلاحی اقدام ہے۔ انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد پولیس کی معاونت سے پناہ گاہ و شیلٹر ہوم کی حفاظت و سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ یہاں مقیم افراد اطمینان بخش انداز میں رات بسر کر سکیں ۔ انہوںنے بتایاکہ شیلٹر ہوم کو منظم انداز میں چلانے کیلئے ضروری سٹاف بھی مقررکردیا گیا ہے۔میاں حنیف نے بتایا کہ شیلٹر ہوم میں ساڑھے تین سو مردو خواتین کے قیام کیلئے الگ الگ گنجائش موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پناہ گاہ میں بتدریج مزید بہتری لا نے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جا ئے گا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے میاں حنیف اور انتظامی افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مخیر حضرات و صاحب ثروت افراد ریاست مدینہ کے تصور کو عملی شکل دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوںنے کہاکہ دیگر صنعتکاروں کو بھی میاں حنیف کی پیروی کرتے ہوئے اپنی دھرتی کا قرض اپنا فرض سمجھ کر ادا کرنا ہو گا۔انہوںنے کہاکہ جب معاشرے کے نظر انداز شدہ غریب ، بے سہارا ، مفلس اور نادار افراد کو باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنایا جائے گا تو تب ہی ریاست مدینہ کا خواب عملی شکل اختیار کرے گا۔اس موقع پر مدینہ گروپ آف انڈسڑیز اور ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے جس کے تحت دونوں ادارے مل کر پناہ گا ہ کا نظم و نسق چلائیں گے۔

مزید خبریں