اسلام آباد ۔04جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وقت آ چکا ہے کہ اقوام متحدہ 5 جنوری 1949 کو پاس کی گئی اپنی قرار دادپر عملدرآمد کروائے تاکہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دے کر ان پر جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ یوم قرارداد حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنے …
وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپورکا یوم قرارداد حق خود ارادیت کے حوالے سے پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد ۔04جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وقت آ چکا ہے کہ اقوام متحدہ 5 جنوری 1949 کو پاس کی گئی اپنی قرار دادپر عملدرآمد کروائے تاکہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دے کر ان پر جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ یوم قرارداد حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کو بھارت خود سلامتی کونسل میں لے کر گیا تھا اور آج بھارت خود ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کیے ہوئے ہے ۔انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کے ایجنڈے پر پرانے حل طلب مسائل میں سے ہے اور اس مسلئے کے حل میں ناکامی نہ صرف اقوام متحدہ کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے بلکہ انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں اور عالمی برادری کے لیے بھی ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں، انہوںنے کہا کہ عالمی برادری اپنے ذاتی و معاشی مفادات کی خاطر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید ترین خلاف ورزی سے آنکھیں چرائے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی ناکامی اور عالمی برادری کی عدم توجہ کی وجہ سے بھارت لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر چکا ہے اور جس میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے، انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کے بھارتی قابل مزمت اقدامات کے بعد صورت حال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے اور پوری وادی میں کرفیو کی صورت میں کشمیریوں کی اجتماعی نسل کشی کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے لیے آئے روز کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے اور مہلک پیلٹ گن سے کشمیر کے بچوں کی آنکھوں کو چھلنی کیا جارہا ہے انہوںنے کہاکہ آج مودی اور آر ایس ایس کا ہندو فاشسٹ ایجنڈا پوری دنیا پر بے نقاب ہو چکا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات اور بھارتی مسلمانوں کے خلاف شہریت بل سے بھارت میں ہندو انتہاپسندوں کے عزائم کھل کے سامنے آ گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کے بھارت میں نام نہاد سیکولر زم دفن ہو چکا ہے اور بھارت ایک ہندو انتہا پسند ریاست بننے کے راستے پر گامزن ہے اور بھارت کے تمام ادارے مودی کی اس سوچ کی تکمیل کے لیے آرایس ایس کے ایجنٹس بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو علاقائی اور عالمی امن کی خاطر مودی کے انتہا پسند عزائم کا فوری نوٹس لینا ہو گا اور اس ضمن میں عالمی عدم توجہ کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کشمیر یوں کے حق خود ارادیت کی آواز دنیا کے تما م فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھا رہی ہے اور پوری پاکستانی قوم یہ عزم کیے ہوئے ہے کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھے گی ۔انہوں نے ایک بار پھر اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے کے لیے بھارت پر دباﺅ ڈالے تاکہ کشمیریوں پر دہایوں سے جاری سیاہ رات کا خاتمہ کیا جا سکے ۔








