وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا عراقی ہم منصب محمد علی الحکیم سے ٹیلیفون پر رابطہ

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو اپنے عراقی ہم منصب محمد علی الحکیم سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ایران امریکہ کشیدگی سمیت خطہ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں وزراءخارجہ نے خطہ میں کشیدگی میں کمی لانے کیلئے مشاورتی سلسلہ کو جاری رکھنے اور …

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو اپنے عراقی ہم منصب محمد علی الحکیم سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ایران امریکہ کشیدگی سمیت خطہ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں وزراءخارجہ نے خطہ میں کشیدگی میں کمی لانے کیلئے مشاورتی سلسلہ کو جاری رکھنے اور قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمو قریشی نے کہا کہ خطہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان نے واضح طور پر کہا ہے کہ فریقین کو معاملات اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ فریقین کو ملکی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہئے، بات چیت کا ماحول پیدا کرنے کیلئے کشیدگی میں کمی لانا ہو گی۔ وزیر خارجہ نے اپنے عراقی ہم منصب کو مطلع کیا کہ وہ ترکی، ایران، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور روس کے وزراءخارجہ کے ساتھ اس صورتحال پر تبادلہ خیال کر چکے ہیں اور جلد وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہو رہے ہیں۔ دونوں وزراءخارجہ نے خطہ میں پائی جانے والی کشیدگی میں کمی لانے کیلئے مشاورتی سلسلہ کو جاری رکھنے اور قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ عراقی وزیر خارجہ نے خطہ میں کشیدگی کے خاتمہ اور قیام امن کیلئے کی جانے والی پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔