وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز احمد شاہ کی پولو گرائونڈ ریس کورس میں میڈیا سے گفتگو

لاہور۔12 جنوری(اے پی پی )وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، بنگلہ دیش کی ٹیم کو کھیلنے کیلئے پاکستان ضرور آنا چاہیے، ایم کیو ایم پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے' وہ حکومت سے علیحدہ نہیں ہو رہی'2020ء تبدیلی کا نہیں بلکہ ترقی کا سال ہے، پولو ایک اچھا کھیل ہے جو کسی بھی ملک کے عوام کیلئے صحت …

لاہور۔12 جنوری(اے پی پی )وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، بنگلہ دیش کی ٹیم کو کھیلنے کیلئے پاکستان ضرور آنا چاہیے، ایم کیو ایم پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے’ وہ حکومت سے علیحدہ نہیں ہو رہی’2020ء تبدیلی کا نہیں بلکہ ترقی کا سال ہے، پولو ایک اچھا کھیل ہے جو کسی بھی ملک کے عوام کیلئے صحت سے بھرپور گیم ہے’ پولو گرائونڈ ریس کورس لاہور ایک تاریخی گرائونڈ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز پولو گرائونڈ ریس کورس لاہور میں ایچ بی ایل پاکستان 2020ء پولو کپ کے فائنل میں تقسیم انعامات کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ہمارے ملک میں کھیل کے حوالے سے حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں’ یہاں پر کرکٹ کے فروغ کیلئے بڑے ٹورنامنٹس منعقد ہو چکے ہیں اور رواں سال بھی ہم ایک بڑا ٹورنامنٹ منعقد کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے اس لئے بنگلہ دیش کی ٹیم کو کھیلنے کیلئے پاکستان ضرور آنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت ہے’ وہ حکومت سے علیحدہ نہیں ہو رہی تاہم ان کے جو بھی تحفظات ہیں وہ دور کر دیئے جائینگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2020ء تبدیلی کا نہیں بلکہ ترقی کا سال ہے’ رواں سال انشاء اللہ معاشی ترقی ہو گی جس سے لوگوں کوروزگار ملے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ بھارت کشمیر سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے سے گریز کرے، جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں۔ کوئٹہ بم دھماکے سے متعلق ایک سوال پر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ جب بھی ملک میں ترقی ہوتی ہے اور معاشی استحکام آتاہے تو ملک دشمن عناصر اس قسم کی حرکتیں کرتے ہیں’ ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائیگا’ ہم اس قسم کے بزدلانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہم اس کامقابلہ کرتے ہوئے ملک کو معاشی استحکام کی طرف لیکر جائینگے۔