معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ماڑی پٹرولیم کمپنی کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 12 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کوئی بھی حکومت اس وقت تک چیلنجز سے نبرد آزما نہیں ہو سکتی جب تک نجی شعبہ اس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا نہ ہو، ماڑی پٹرولیم و گیس کمپنی ملک کی معیشت کو پروان چڑھانے اور حکومتی کوششوں کو تقویت دینے میں …

اسلام آباد ۔ 12 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کوئی بھی حکومت اس وقت تک چیلنجز سے نبرد آزما نہیں ہو سکتی جب تک نجی شعبہ اس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا نہ ہو، ماڑی پٹرولیم و گیس کمپنی ملک کی معیشت کو پروان چڑھانے اور حکومتی کوششوں کو تقویت دینے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ماڑی پٹرولیم کمپنی کا کردار لائق تحسین ہے، وزیر اعظم عمران خان سیاست دان بن کر نہیں بلکہ ایک لیڈر بن کر آنے والی نسلوں اور ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہماری آئندہ نسل کا مستقبل خوشحال اور درخشاں ہے، 2019ء استحکام پاکستان کا سال تھا اور 2020ء تعمیر پاکستان کا سال ہو گا، قومی سلامتی کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانے والے آج قومی معیشت کے شراکت دار ہیں جس پر لیفٹیننت جنرل (ر) اشفاق ندیم احمد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کو اسلام آباد میں ماڑی پٹرولیم کمپنی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے جڑے چیلنجز سے نمٹنا اہم بات ہوتی ہے ، ماڑی پٹرولیم کے تیل و گیس کی دریافت میں نمایاں کارنامے قابل ستائش ہیں جس پر کمپنی کو کئی بار انعامات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماڑی پٹرولیم جیسی کمپنیاں ملکی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ماڑی پٹرولیم کمپنی حکومت کے وژن کو عملی جامہ پہنا رہی ہے، کمپنی کی قیادت اور عملہ کی پیشہ وارانہ اور سماجی ذمہ داریوں کی محنت کا نتیجہ ہے کہ یہ کمپنی ایک ادارہ بن کر ابھری ہے جو کارپوریٹ سیکٹر کی دیگر کمپنیوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں تیل و گیس کی تلاش کے کام کو آسان بنانے کیلئے کاروبارکو آسان بنانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکسپلوریشن کیلئے جو اہداف، این او سی اور منظوریاں درکار ہوتی تھیں ان میں کمی کی گئی ہے، 15 کے قریب این او سیز کی تعداد کو کم کر کے 10 کی گئی ہیں تاکہ راستے کی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور کمپنیاں دل کھول کر سرمایہ کاری کر سکیں، پیٹرولیم پالیسی کے ٹی او آرز کیلئے جو بنیادی شرائط متعین کی جا رہی ہیں اس میں ایکسپلوریشن پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدی بل کم کر کے مقامی سطح پر تیل و گیس کے ذخائر کا کھوج لگایا جا سکے اور سرمایہ کاری کی خواہشمند کمپنیوں کیلئے سازگار اور آئیڈیل ماحول پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھے گی بلکہ نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی سے بڑی کوئی خدمت نہیں ہو سکتی ، ماڑی گیس کمپنی کو مبارکباد دیتی ہوں جو اس مشن کی تکمیل کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپلوریشن کے آغاز سے نہ صرف ملک میں قیمتی زرمبادلہ آئے گا بلکہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ملے گا اور ریاست کا اصل کردار حقیت کا روپ دھارے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ایکسپلوریشن اور پروڈکشن پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ گیس کی پیداوار کو بڑھایا جا سکے اور اس ضمن میں حکومت نے ایکسپلوریشن اور پروڈکشن پالیسی میں کافی ترامیم کی ہیں جس کے نتیجے میں بین الاقوامی کمپنیوں کی اس شعبے میں دلچسپی بڑھے گی ، 18 نئے بلاکس کا ٹینڈر کرنے جا رہے ہیں جس سے ملکی و غیرملکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں کا فروغ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہوتا ہے ، صنعتی ترقی کا پہیہ، کاروباری سرگرمیاں چلانے کیلئے توانائی کی ضرورت ہوتی ہے، ماڑی پیٹرولیم نے ان ضروریات کو پورا کرنے میں ایک نمایاں کردار ادا کیا ہے جس کی بدولت کمپنی نے کئی گنا ترقی کی جس کی کارپوریٹ سیکٹر میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کیلئے سازگارمواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کاروبار میں آسانی کیلئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں، وزیر اعظم پاکستان میں کارپوریٹ فرینڈلی ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ معاشی چیلنجز کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو تعمیر ملت میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا موقع مل سکے۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے جامع پالیسی ترتیب دی گئی ہے، تیل و گیس کے شعبے میں اضافے کیلئے غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ترغیبات دی جا رہی ہیں، نجی شعبے کو حکومتی کاوشوں کو کامیاب بنانے کیلئے آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی امیدیں بھی اس وقت رنگ لائیں گی جب ملک صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سوچ بدلنے کے بعد ہی پاکستان بدلے گا اور اس تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا جو قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان اور قائد میں فرق ہوتا ہے، سیاست دان صرف سیاسی فائدے کیلئے قلیل المدت منصوبہ بندی کرتا ہے جبکہ قائد وہ ہوتا ہے جو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے بارے میں سوچے اور قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دے، وزیر اعظم عمران خان ایک قائد کی حیثیت سے سیاسی نتائج سے بے خوف ہو کر ملکی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھے گا اور دنیا میں کھویا ہوا تشخص حاصل کرے گا اور پاکستان کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب صنفی توازن کا بھی حسین امتزاج رکھتی ہے کیونکہ جب پورا معاشرہ مل کر آگے بڑھتا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے تو کسی میں ہمت نہیں ہوتی کہ معیشت کی اس گاڑی کو پٹڑی سے اتار سکے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان میں کردار ادا کر کے ہمارے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 72 سال سے ملک کو فرسودہ نظام پر چلایا گیا لیکن اب ایسا نہیں ہو گا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت عوامی مفادات کیلئے اصلاحات لا رہی ہے جس سے قوم کا مستقبل محفوظ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں طاقتور لوگوں نے اداروں کو تباہ کیا اور ہماری حکومت اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، فرد کی بجائے اداروں کو مضبوط بنانا ہی اصل تبدیلی ہے، تبدیلی کا سفر مثبت انداز سے رواں دواں ہے، اس کے مثبت اثرات عوام کو اپنی زندگیوں میں نطر آئیں گے ، ہمیں مل کر قائد اعظم کے پاکستان کی خدمت کرنی ہے ، حکومت آنے والی نسل کو کرپشن فری پاکستان دینے کیلئے پر عزم ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) اشفاق ندیم احمد کی کمپنی کیلئے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی ان کوششوں کو جاری رکھنے کیلئے پیش قدمی جاری رکھیں، پوری 22 کروڑ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتی ہے ،عوام چاہتے ہیں کہ قوم کا مستقبل محفوظ ہو اور ادارے طاقتور ہوں، ہم نے اسی تبدیلی کی جانب بڑھنا ہے۔ قبل ازیں لیفٹیننٹ جنرل (ر) اشفاق ندیم احمد نے ماڑی پیٹرولیم گیس کمپنی کی پیشہ وارانہ اور سماجی کارپوریٹ ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی اور کمپنی کے کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی۔