حکومت ملک میں زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائے گی ڈاکٹر ظفر مرزا کا بیان

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائے گی۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن پہلے ہی زندگی بچانے والی 20 اقسام کی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنا چکی ہے جو مارکیٹ …

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائے گی۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن پہلے ہی زندگی بچانے والی 20 اقسام کی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنا چکی ہے جو مارکیٹ میں پہلے دستیاب نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کیلئے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور ادویہ سازوں کی ایسوسی ایشن پر مشتمل ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈریپ کو ہدایت کی کہ اپنے ڈرگ انسپکٹرز کے ذریعے مارکیٹ سروے کو جاری رکھے تاکہ اگر کسی دوا کی قلت پائی جائے تو اس سے متعلق معلومات حاصل کرکے دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت پہلے ہی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018ء کے تسلسل میں 89 قسم کی ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد تک فیصلہ کر چکی ہے۔ انہوں نے ڈریپ کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ ادویہ ساز کمپنیوں کی طرف سے بلاجواز ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور ادویات کی سمگلنگ کی روک تھام کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھیں۔ انہوں نے ڈریپ کو ہدایت کی کہ زائد قیمتیں وصول کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زائد قیمتیں وصول کرنے پر ادویات کو قبضہ میں لینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ بلاجواز ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں