سعودی جیلوں سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی پرذوالفقار بخاری کا خیر مقدم

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید 2,080پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر سعودی حکام کی تعریف کی ہے ۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ سال فروری میں پاکستان کے اعلیٰ سطحی دورے کے موقع پر تقریباً 2,100 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم …

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید 2,080پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر سعودی حکام کی تعریف کی ہے ۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ سال فروری میں پاکستان کے اعلیٰ سطحی دورے کے موقع پر تقریباً 2,100 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا اور دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کے مابین باہمی تعاون کے نتیجے میں پاکستانی قیدیوں کورہا کیا گیا جس کا وعدہ سعودی ولی عہد نے کیا تھا ۔ ذوالفقار بخاری نے عرب نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا ہمیں سعودی حکام کی طرف سے بہتر ین تعاون مل رہا ہے اور امید ہے کہ باقی قیدی بھی جلد رہا کردئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی دونوں برادر ممالک کے مابین بہترین دوطرفہ تعلقات کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔ سعودی جیلوں میں مجموعی طور پر 3,284 پاکستانی قیدی ہیں جن میں سے1859 ریاض میں پاکستان ایمبیسی کے قونصلر دائرہ کار میں ہیں جبکہ جدہ قونصل خانہ کے دائرہ کار میں 1,425 قیدی ہیں ۔ اعدادوشمار کے مطابق حکومت خلیجی ممالک میں قید6,880 قیدیوں میں سے2,559 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرانے میں کامیاب ہوئی ہے، جن میں متحدہ عرب امارات میں 1200، اومان میں 55، کویت میں 18، بحرین میں 17، قطر میں 14 اور عراق میں 10 پاکستانی قیدیوں کی رہائی شامل ہے ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ تمام پاکستانی قیدیوں کا ڈیٹا بیس برقرار رکھنے اور ان کے اہل خانہ کو تازہ ترین اپ ڈیٹ کرنے کے لئے سعودی حکام کی مدد سے ایک بہتر میکنزم تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا سعودی عرب اور دوسرے ممالک میں مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں جن کی بہتر دیکھ بھال کی پوری کوشش کی جارہی ہے ۔