مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی گئی جس کی پہلی کھیپ 15 …

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی گئی جس کی پہلی کھیپ 15 فروری کو ملک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ 31 مارچ تک 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ملک میں گندم کی قلت پر قابو پانے کے لئے پنجاب اور پاسکو کو اپنے ذخائر میں سے گندم جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاسکو اور پنجاب کے پاس اس وقت 41 لاکھ ٹن گندم موجود ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کاشتکاروں کو سستی کھاد کی فراہمی کے لئے کھاد کی فی بوری 400 روپے جی آئی ڈی سی ٹیکس کی چھوٹ دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے بعد کھاد کی فی بوری پر اب 405 روپے کی بجائے محض 5 روپے کا سیس عائد ہو گا۔ ای سی سی نے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی درخواست پر پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے ذریعے 200 ارب روپے حاصل کرنے کی اجازت دیدی۔ پاور ہولڈنگ کھلی مسابقتی بولی کے ذریعے شفاف طریقے سے ڈسکوز/جینکوز کے اثاثوں کے عوض سکوک II جاری کرے گا۔ حاصل شدہ رقوم کو ڈسکوز کے واجبات کی ادائیگی کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔ اجلاس میں وزارت خزانہ کی جانب سے ساورن گارنٹیز جاری کرنے کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کاٹن سیڈ کیک کو 5 فیصد سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی رپورٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 5 فیصد سیلز ٹیکس سے استثنیٰ کی صورت میں اس کا اطلاق جاری مالی یا کلینڈر سال سے نہیں ہو گا بلکہ اسے مالی سال 2020-21ءکے فنانس بل میں شامل کیا جائے گا۔ اجلاس میں نیشنل بک فاﺅنڈیشن کے لئے 96.652 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کیپیٹل ٹیریٹری میں پروکیورمنٹ کے نظام کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے 15 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں کام کرنے والے سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کیلئے الاﺅنس کی مد میں 458 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اس گرانٹ کیلئے وزارت داخلہ نے درخواست کی تھی۔