معاون خصوصی عثمان ڈار سے برٹش کونسل پاکستان کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے برٹش کونسل پاکستان کے وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کے کامیاب درخواست گزاروں کیلئے برٹش کونسل کے زیر اہتمام جاری فیلو شپ پروگرام پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب انٹرپرینیور فیلو شپ پروگرام سے استفادہ کر سکتے ہیں، …

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے برٹش کونسل پاکستان کے وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کے کامیاب درخواست گزاروں کیلئے برٹش کونسل کے زیر اہتمام جاری فیلو شپ پروگرام پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب انٹرپرینیور فیلو شپ پروگرام سے استفادہ کر سکتے ہیں، یوتھ قرضہ سکیم کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے نوجوان انٹرپرینیور کو پیشہ وارانہ تربیت کیلئے اس پروگرام سے استفادہ کا موقع ملے گا۔ نوجوان انٹرپرینیور کی استعداد کار میں اضافہ مختلف کاروباروں کو کامیابی سے چلانے کیلئے انہیں تیار کرنے میں بہت مددگار ہو گا۔ برٹش کونسل پاکستان سے تعلق رکھنے والی سعدیہ رحمن نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 300 کاروباروں پر مبنی پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جسے بعد میں وسعت دی جائے گی۔ فیلو شپ پروگرام چار ماہ کے عرصہ پر محیط ہے جس میں ملک بھر کے مختلف کاروباروں سے تعلق رکھنے والوں کیلئے پیشہ وارانہ تربیت کی پیشکش کی گئی ہے۔ وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام اور برٹش کونسل پاکستان کے درمیان فروری کے دوسرے ہفتہ میں فیلو شپ پروگرام شروع کرنے کیلئے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کی توقع ہے۔ ملاقات میں سینئر حکام بھی موجود تھے۔