آج کشمیری بھائیوں سے قلبی وابستگی کا دن ،کو ئی طاقت انہیں آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی

167

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری کی میڈیا سے گفتگو
لاہور ۔ 4 فروری (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہاہے کہ کشمیر ہمارے ملک کا اور اس میں بسنے والے کشمیری بھائی ہمارے جسم و جاں کا حصہ ہیں،آج کا دن کشمیری بھائیوں سے قلبی وابستگی کا دن ہے ،کشمیریوں کی تحریک آزادی استحکام پاکستان کی تحریک ہے جب کوئی قوم آزادی حاصل کرنے پرتل جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت بھی اس کو آزادی کے حصول سے روک نہیں سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کشمیریوں کی سفارتی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی،کشمیریوں کے دل میں بھارت کے لیے نفرت کے سوا کوئی جذبہ نہیں،بھارت نے کشمیر میں نفرت کا جو بیج بویا ہے وہ تنا وردرخت بن چکاہے،بھارت کو یہ ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ پاکستان میں نڈر اور بے باک قیادت کی حکومت ہے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی ہے اور ہم سے کوئی امن کی بات کرے گا تو ہم امن سے بات کریں گے اور اگر جنگ کی بات کرے گا تو ہم جنگ کی بات کریں گے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر اور بھارت میں بسنے والے مسلمانوں پر ظلم وستم ڈھایا جا رہا ہے اور خود بھارت شرافت کا لبادہ اوڑھ کر عالمی برادری کے سامنے اپنے آپ کوپُر امن ملک ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے جو کہ وہاں بسنے والے مسلمانوں اور کشمیری عوام کے ساتھ ظلم ہے،پاکستان ہر سطح پر اس کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت نے اپنی بہترین حکمتِ عملی کے ذریعے پوری دنیا میں مظلوم کشمیریوں کے لیے ہمدردیاں پیدا کر دی ہیںاور آج بھارت کو اقوامِ عالم میں سفارتی سطح پر شکست ہو چکی ہے، پاکستان برابری کی سطح پر جامع مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے اوربھارت کو بھی چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوںکے عین مطابق حل کرے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمےر میں سالہا سال سے جاری بھارتی ظلم وتشدد کے سےا ہ بادل اب چھٹنے والے ہیں اور آزادی کی خو بصورت صبح طلوع ہونے والی ہے، اب دنیا کی کو ئی طاقت کشمیری عوام کو آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا ، نہ ہے اور نہ ہی بھارت کا حصہ بننے دیں گے،پاکستان تحریکِ انصاف کا منشور اور ہر پاکستانی فرد کی صرف ایک ہی آواز ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔