یوم یکجہتی کشمیر، وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اٹھایا، پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، اب پوری دنیا مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے آواز اٹھا رہی ہے،سینیٹر فیصل جاوید کا یوتھ کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اٹھایا ہے اس کی وجہ سے پاکستان کی 70 سال کی تاریخ مےں پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، اب پوری دنیا کشمیر کی آزادی کے لئے آواز اٹھا رہی ہے۔یہ بات …

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اٹھایا ہے اس کی وجہ سے پاکستان کی 70 سال کی تاریخ مےں پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، اب پوری دنیا کشمیر کی آزادی کے لئے آواز اٹھا رہی ہے۔یہ بات انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یہاں منعقدہ یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جس طرح نوجوان طلباءو طالبات میں جذبہ اور جنون دیکھا گیا یہ کشمیر کو آزاد کرا کے دم لیں گے۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نہ صرف کشمیر بلکہ عالم اسلام کے سفیر بھی بن کر آئیں ہیں، وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں رسول اللہ محمد ﷺ کا پیغام جس طرح پوری دنیا تک پہنچایا ،اس آواز کو پوری دنیا نے سنا ‘اس سے پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جس طریقے سے عالمی سطح پر کشمیر کاز کے لئے آواز اٹھائی گئی اور مودی کے اصل چہرے کو بے نقاب کیا وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کا مقدر آزادی بنے گا۔انہوں نے کہا کہ جس ملک کے پاس ایسے طلباءاور طالبات موجود ہوں اس کو کسی چیز کی ضرورت نہیں ہوتی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملکر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ساتھ دیں گے اور کشمیر کو آزاد کرائیں گے۔ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے اور کشمیریوں کو آزاد کرکے دم لیں گے۔یوتھ کانفرنس کا انعقاد نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لئے منگل کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کیا ۔کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں وفاقی وزیرامور کشمیر علی امین خان گنڈاپور، سینیٹر فیصل جاوید، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات، اسلام آباد کے مختلف سکولوں کے طلباءو طالبات، نیلسن منڈیلا کے رشتہ دار چیمبو موزی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔یوتھ کانفرنس میں اسلام آباد کے تقریباً 400 سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے طلباءو طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر سکول کے بچوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ٹیبلو بھی پیش کیا اور کشمیری ملی نغمے بھی گائے۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پورا ہال کشمیری پرچموں سے بھرا ہوا تھا اور سب بہ یک آواز یہ نعرہ لگا رہے تھے کہ ”کشمیر بنے گا پاکستان “اور ”لے کے رہیں گے آزادی“۔یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے گزشتہ روز ایک ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی افریقی راہنما نیلسن منڈیلا کے رشتہ دار چیمبو موزی نے بھی کشمیریوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اہم مسئلہ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔انہوں نے کشمیریوں بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔