ترک صدر کے دورہ سے پاکستان اور ترکی کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترک صدر کے دورہ سے پاکستان اور ترکی کے مابین اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے حوالہ سے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے اور مستحکم ہوں گے۔ جمعرات کو ترک صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کے حوالہ اپنے ایک بیان وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے مابین تعلقات تاریخی …

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترک صدر کے دورہ سے پاکستان اور ترکی کے مابین اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے حوالہ سے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے اور مستحکم ہوں گے۔ جمعرات کو ترک صدر رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کے حوالہ اپنے ایک بیان وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے مابین تعلقات تاریخی اور مثالی نوعیت کے ہیں، ہم نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر کے دورہ پاکستان کے حوالہ سے بہت گرمجوشی پائی جا رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش تھی کہ ہماری ترکی کے ساتھ اقتصادی سٹرٹیجک پارٹنر شپ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے دوران ہمارا دوطرفہ تعاون کا معاہدہ ہو گا اور باہمی تعاون کا ایک نیا فریم ورک تشکیل پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر کے ساتھ ترکی کے موثر کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی آیا ہے جن کے ساتھ بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں ہوں گی اور پاکستان اور ترکی کے مابین اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان ان عالمی رہنماوں میں سے ہیں جنہوں نے کشمیر کے مسئلہ پر واضح اور دوٹوک موقف اختیار کیا اور پاکستان کے نقطہ نظر کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنی تقریر میں کھل کر کشمیر کے حوالہ سے آواز اٹھائی، ہماری خواہش ہے کہ ہم ان گہرے دوطرفہ سیاسی روابط کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، معاشی سفارتکاری کو پیش نظررکھتے ہوئے ہم ترکی کی طرف سے آنے والی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملہ پر بھی ترکی نے کھل کر پاکستان کی حمایت کی ہے۔