وفاقی وزیراقتصادی امور حماد اظہر کی کینیڈا کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیراقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی اصلاحات کا پروگرام درست سمت پر ہے اور کینیڈا کے ساتھ طویل مدتی ترقیاتی شراکت جاری رہے گی۔ یہ بات انہوں نے کینیڈا کے اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ کینیڈا کی ڈپٹی وزیر برائے بین الاقوامی امور لیسلی میکلیلن نے وفد کی قیادت …

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیراقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی اصلاحات کا پروگرام درست سمت پر ہے اور کینیڈا کے ساتھ طویل مدتی ترقیاتی شراکت جاری رہے گی۔ یہ بات انہوں نے کینیڈا کے اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ کینیڈا کی ڈپٹی وزیر برائے بین الاقوامی امور لیسلی میکلیلن نے وفد کی قیادت کی۔ فریقین نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے اور کینیڈا کی پاکستان کو ترقیاتی امداد کے اثرات، ترقیاتی امداد کی فراہمی کے باہمی امور اور مستقبل میں ترقیاتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔ حماد اظہر نے وفد میں شامل مندوب کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ترقیاتی شراکت میں دلچسپی لینے پر مندوب کا شکریہ ادا کیا اور اس کی تعریف کی کہ کینیڈا صوبائی حکومتوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ذریعہ انجام پائے جانے والے متعدد منصوبوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ وزیر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ حکومت سماجی تحفظ کے پروگرام، غربت کو کم کرنے اور دیگر معاشرتی مسائل جیسے صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی اور کم آمدنی والے گروپ کےلئے محصولات کی شرح میں اضافہ نہ کرکے اور سبسڈی کے ساتھ توانائی کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے۔ کینیڈین نائب وزیر برائے بین الاقوامی ترقی نے کہا کہ کینیڈا سے اعلیٰ سطح کے وفد کا دورہ اس بات کی علامت ہے کہ کینیڈا پاکستان کو طویل مدتی ترقیاتی شراکت میں اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے بارے میں جاننے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی اقدامات کی تعریف کی اور مضبوط اور پائیدار ترقی میں تعاون کا یقین دلایا۔ کفایت شعاری، شفافیت اور احتساب پر شراکت داری کا بھی عندیہ دیا۔ دونوں فریقین نے متعدد شعبوں میں معاشی تعاون اور پاکستان کےلئے آئی ایم ایف کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور نے وفد کو پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجوں اور حالیہ پیشرفتوں اور نتائج سے آگاہ کیا اور بے حد چیلنجوں کے باوجود پاکستانی معیشت کے بہتر کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا معاشی اصلاحات کا پروگرام ٹریک پر ہے اور آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کی توسیعی سہولت فنڈ دوسرے دورانیہ کا جائزہ لے رہا ہے اور اس سلسلہ میں پاکستان کی پیشرفت کافی حد تک اطمینان بخش ہے۔ دونوں فریقین نے ابھرتے ہوئے شعبوں میں بھی ترقیاتی ضروریات، تعاون کے مواقع اور سرمایہ کاری کو بہتر بنانے کےلئے اعلی سطح پر اس طرح کے رابطوں کو جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔