اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ہائیڈرو پاور پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، حکومت پاکستان اس پیداواری صلاحیت کو پاکستان اور گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے استعمال میں لانے کیلئے ایک جامع اور منظم منصوبہ بندی کرے گی۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے گلگت …
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے گلگت بلتستان محمد اشرف صدا کی سربراہی میں گلگت بلتستان کونسل کے اراکین کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ہائیڈرو پاور پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، حکومت پاکستان اس پیداواری صلاحیت کو پاکستان اور گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے استعمال میں لانے کیلئے ایک جامع اور منظم منصوبہ بندی کرے گی۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے گلگت بلتستان محمد اشرف صدا کی سربراہی میں گلگت بلتستان کونسل کے اراکین کے وفد نے وفاقی وزیر اسد عمر سے جمعرات کو وزارت منصوبہ بندی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جی بی کونسل کے اراکین نے سی پیک منصوبے میں گلگت بلستان کی نمائندگی اور جی بی سے متعلق مختلف مسائل پر بات چیت کی۔ گلگت بلتستان کے اراکین سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ سیاحتی اور دفاعی نقطہ نظر سے انتہائی اہم سڑک ”گلگت سکردو روڈ“ کیلئے گزشتہ روز ہی اضافی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ فنڈز کی کمی کے باعث سست رفتاری سے جاری کام میں تیزی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان خشک پھل، تازہ پھل ، معدنیات اور کان کنی سے مالا مال ہے حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ جی بی میں فروٹ پروسیسنگ یونٹ اور سنگ مرمر اور سٹون کی پالش کے لیے فیکٹری قائم کی جائے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی بڑا پروجیکٹ اس وقت تک نہیں لگایا جائے گا جب تک اس علاقے میں جدید قسم کے ٹیکنیکل انسٹیٹوٹ نہ لگ جائیں کیونکہ اس علاقے کے مقامی نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہی حکومت کا اصل مقصد ہے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سیاست سے بالا تر ہو کر گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ، انھوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ کاشغر سے گلگت اور کاشغر سے سکردو کے لیے ہفتہ میں کم از کم ایک فلائیٹ ضرور چلائی جائے جو سیاحت کے فروغ کے لیے بہت ضروری ہے۔ اسد عمر نے گلگت بلتستان کونسل کے اراکین کو جی بی کے نوجوانوں کے لیے چائینا کے تعیلمی سکالرشپس میں زیادہ کوٹہ رکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔








