جنوبی کوریاکے شہر ڈائے گوکے مذہبی فرقے کے 39 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا انکشاف

سیﺅل ۔ 20 فروری (اے پی پی) جنوبی کوریا کے شہر ڈائے گو میں واقع ایک چرچ کی خاتون رکن سمیت مذہبی فرقے کے 39 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہو نے کا انکشاف ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شن چیونجی چرچ آف جیزز کی 61 سالہ خاتون رکن کو 10 فروری کو بخار کی شکایت ہوئی تاہم اس نے اس عرصے میں مبینہ طور پر کوئی …

سیﺅل ۔ 20 فروری (اے پی پی) جنوبی کوریا کے شہر ڈائے گو میں واقع ایک چرچ کی خاتون رکن سمیت مذہبی فرقے کے 39 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہو نے کا انکشاف ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شن چیونجی چرچ آف جیزز کی 61 سالہ خاتون رکن کو 10 فروری کو بخار کی شکایت ہوئی تاہم اس نے اس عرصے میں مبینہ طور پر کوئی بیرون ملک سفر نہ کرنے کی بناءپر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا تھا۔ خاتون نے انفیکشن کی تشخیص سے قبل کم از کم چار بار چرچ میں مذہبی رسومات میں شرکت کی تھی ، اب تک چرچ کے دیگر 37 ممبران کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے نصف تعداد کو اس خاتون کے باعث یہ انفیکشن لاحق ہوا۔ ڈائے گو کی مقامی حکومت کا کہنا ہے کہ شہر میں موجود شن چیونجی کے ایک ہزار ایک سو اراکین میں سے 90 میں وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں جس پر انہیں ایک دوسرے سے دُوری اختیار کرنے کو کہا گیا ۔ میئر کوون ینگ جن کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف قومی ردعمل ناکافی ہے ، اس لئے حکومت کو اس حوالے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وائرس سے متاثر افراد کے تمام ٹیسٹ جس قدر جلد ممکن ہوئے کرائے جائیں گے۔ دوسری جانب شن چیونجی چرچ نے ملک بھر میں اپنی مذہبی سروسز روکنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اس امر پر افسوس ظاہر کیا گیا کہ چرچ کی ایک ممبر کی وجہ سے بہت سے لوگ اس بیماری میں مبتلا ہوئے اور مقامی آبادی کو تشویش لاحق ہوئی۔ جنوبی کوریا کے مراکز برائے انسداد امراض (کے سی ڈی سی) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 31 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں سے 23 کا تعلق مذہبی فرقے سے ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل تک ملک بھر میں اس انفیکشن کے صرف 31 تصدیق شدہ کیسز تھے تاہم اب یہ تعداد 82 ہو گئی ہے۔