اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی ہاؤسنگ سیکم فیز (VII) ایف 14/15 کے 5986 رجسٹرڈ ممبران کو رضامندی خطوط جاری کردیئے گئے ہیں، اس فیز میں کل پلاٹوں کی تعداد6772 ہے، پلاٹوں کو 3 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق ہاؤسنگ سیکم فیز (VII) ایف 15/14کے پلاٹوں کو3 کیٹگریز میں تقسیم کیاگیا ہے۔ ہائوسنگ سکیم کی کیٹگری 1 میں بی پی ایس 20 سے 22 کیلئے پلاٹ رکھے گئے ہیں ، جن میں سے 2480 ممبران کو رضامندی خطوط جاری کیے گئے ہیں۔ کیٹگری2 میں بی پی ایس18 سے19 کیلئے پلاٹ رکھے گئے ہیں، جن میں سے 1895ممبران کو رضامندی خطوط جاری ہوچکے ہیں۔ کیٹگری 3 میں بی پی ایس 16سے 17کیلئے پلاٹ رکھے گئے ہیں ، جن میں1611ممبران کو رضامندی خطوط جاری ہوچکے ہیں۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے ذرائع نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ جن ممبران نے رضامندی خطوط کی وصولی کے بعد ڈائون پے منٹ جمع کروادی ہے ان کو پرویژنل لیٹرز جاری کردیئے گئے ہیں۔