صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی قطر کے سبکدوش ہونے والے سفیر سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہے، قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار قطر کے سبکدوش ہونے والے …

اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہے، قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار قطر کے سبکدوش ہونے والے سفیر صقر بن مبارک المنصوری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو ایک مضبوط سیاسی اور معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہے، کراچی اور حمد بندرگاہوں کے درمیان براہ راست رابطے اور پاکستان کے لئے قطری فوڈ مارکیٹ تک رسائی کے بعد باہمی تجارت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقعوں سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے افغان امن مذاکرات کی میزبانی اور تعاون میں قطر کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاکہ تمام فریقین اس معاہدے کی پاسداری کریں گے اور افغانستان میں قیام امن کے خواب کو حقیقت میں بدل دیں گے۔ صدر مملکت نے قطری سفیر کوبھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے بھی آگاہ کیا اور او آئی سی سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے ساتھ ساتھ بھارت میں اقلیتوں کے تحفظ میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔ صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو پاکستان میں اپنی ذمہ داری پوری کرنے پر مبارکباد پیش کی اور دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے کے لئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔