اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے ایران سے آنے والے زائرین کیلئے مناسب انتظامات نہ کرنے کے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت پر الزام تراشیاں کرنے کی بجائے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے، کورونا وبائی مرض ہے اور یہ صرف حکومت کی نہیں بلکہ عوام، میڈیا اور …
زائرین کیلئے مناسب انتظامات نہ کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں،وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے ایران سے آنے والے زائرین کیلئے مناسب انتظامات نہ کرنے کے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت پر الزام تراشیاں کرنے کی بجائے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے، کورونا وبائی مرض ہے اور یہ صرف حکومت کی نہیں بلکہ عوام، میڈیا اور سیاسی رہنماﺅں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر قابو پانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی صورتحال نارمل ہے، ایسے اقدام نہیں اٹھانا چاہتے جس سے لوگوں کا کاروبار متاثر ہو، وزیر اعظم عمران خان روزانہ متعلقہ اداروں کے حکام کے ساتھ میٹنگز کر رہے ہیں اور صورتحال کا جائزہ لیکر فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ ہر جگہ پر سکریننگ کی جا رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی سکریننگ کی جائے، ہنگامی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے علیحدہ ہسپتال بنائے گئے ہیں، ہاسٹلز خالی کرا دیئے گئے ہیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو وہاں پر رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں زائرین کو کورنٹائن کرنے کے باوجود پاکستان میں دوبارہ انہیں کورنٹائن کیا گیا، زائرین تفتان کوئٹہ میں کورنٹائن پیریڈ پورا کرنے کے بعد اب ڈی جی خان میں کورنٹائن کا پیریڈ گزار رہے ہیں، حکومت زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ صرف ایران سے آنے والے زائرین میں نہیں بلکہ دوسرے ممالک سے آنے والے افراد میں بھی وائرس کی تشخیص ہو رہی ہے، اپوزیشن جان بوجھ کر وزراءپر الزام تراشیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے اب تک 4500 زائرین واپس آئے ہیں، اب حکومت کی درخواست پر ایران نے مزید زائرین کو وہاں روک دیا ہے اور چین سے زیادہ ایران میں لوگوں کو روکا گیا ہے، صرف کورنٹائن پیریڈ پورا کرنے والے لوگوں کو وہاں سے نکالا جا رہا ہے۔ ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے وائرس کی روک تھام کیلئے سکول بند کرنے سمیت شادی بیاہ و مذہبی تقریبات اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو وائرس کے بارے آگاہی فراہم کرنے کیلئے مہم چلائی جا رہی ہیں، مقامی سطح پر بھی لوگوں میں پمفلٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں اور سپیکرز پر بھی اعلانات کئے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ عوامی اجتماعات میں نہ جائیں اور ایک دوسرے سے مصافحہ نہ کریں۔ زلفی بخاری سے متعلق اپوزیشن کے الزام کے بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ الزام جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔








