اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی چیلنج ہے، ترقی یافتہ ممالک بھی وباءسے محفوظ نہیں رہے، اپوزیشن کا کورونا کے مسئلے پر اپنی سیاست چمکانا قابل افسوس ہے، حکومت پہلے دن سے ہی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور وزیر اعظم خود سارے عمل کی …
کورونا وائرس عالمی چیلنج ہے، ترقی یافتہ ممالک بھی وباءسے محفوظ نہیں رہے، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ٹی وی پروگرام میں خصوصی گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی چیلنج ہے، ترقی یافتہ ممالک بھی وباءسے محفوظ نہیں رہے، اپوزیشن کا کورونا کے مسئلے پر اپنی سیاست چمکانا قابل افسوس ہے، حکومت پہلے دن سے ہی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور وزیر اعظم خود سارے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت نے بھی حکومت کے پیشگی اقدامات کو سراہا اور پذیرائی کی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام ادارے ملک میں وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، مسافروں کی اسکریننگ اور فنڈز کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بحیثیت قوم یکجا ہو کر وائرس کو شکست دینے کیلئے پر عزم ہیں۔ بدھ کو پی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چین میں وائرس پھیلنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے فوری طور پر چین میں پاکستانی طلبہ کی دیکھ بھال اور ان کی مالی امداد کے احکامات جاری کئے،چین نے طلبہ کا پوری طرح سے خیال رکھا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے بعد ایران میں وائرس کی اطلاعات ملی تھیں، ایران نے زائرین کے پاسپورٹ پر ایگزٹ مہر لگا دی تھی اسلئے انہیں واپس لانا ضروری تھا، تفتان میں زائرین میں وائرس کی تشخیص کیلئے لیب قائم کی گئی تھی تاہم ابتدائی مرحلے میں کسی ایک میں بھی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں اسی لئے انہیں قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا، زائرین کیلئے کیمپس بنائے گئے تھے اور زائرین کی ضد کی وجہ سے فیملیز کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قرنطینہ سینٹر میں زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں، بلوچستان حکومت، پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں نے زائرین کی سہولتوں کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آئی ایچ کے اندر نیشنل اسٹیک ہولڈرز کانفرنس ہوئی جس میں تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سمیت تمام وزرائے اعلی اور چیف سیکرٹریز نے وڈیولنک کے ذریعے حصہ لیا اور تمام اسٹیک ہولڈرزنے مل بیٹھ کر ذمہ داریاں بانٹیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نہیں چاہتے تھے کہ ملک کو لاک ڈاﺅن کر کے خوف کی فضاءقائم کی جائے اور لوگوں کا کاروبار متاثر ہو، یہ ایک قومی مسئلہ ہے اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، اپوزیشن سے اپیل ہے کہ سیاسی دکانداری چمکانے کی بجائے وائرس پر قابو پانے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی کوئی مشکل وقت اور قدرتی آفت آئی تو قوم نے یکجا ہو کر اس کا مقابلہ کیا جس پر ہمیں اپنی قوم پر فخر ہے، کورونا وائرس بھی ہم سب کیلئے چیلنج ہے، عوام سماجی رابطے محدود رکھیں تاکہ وباءسے محفوظ رہا جائے، امید ہے کہ عوام اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے بھی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وائرس سے متاثر 98 فیصد لوگ صحت یاب ہو جاتے ہیں اسلئے گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، وائرس سے عمررسیدہ اور پہلے سے کسی بیماری کا شکار لوگوں کو زیادہ خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب تک 247 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر اعظم نے ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی بحران پیدا کرنے والے مافیاز کو خبردار کیا ہے کہ کسی نے حالیہ بحران سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خواجہ آصف کے سید ذوالفقار علی بخاری پر الزام کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے، اس وقت ان کے غیرذمہ دارانہ بیان کی مذمت کرتی ہوں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو صرف اپنے بچوں کا درد ہے، عوام کا نہیں، اگر انہیں عوام کا درد ہے تو واپس آ کر ان کی دادرسی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہے، علامات ظاہر ہونے پر 1166 ہیلپ لائن سے رابطہ کریں، ڈاکٹرز اور دوسرے عملے کو بھی اپنے ٹیسٹ کرانے چاہییں۔







