وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان کی پی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، عوام کے تعاون کے بغیر وباءکا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا، ہمیں بحیثیت قوم مل کر اسے شکست دینا ہو گی۔ بدھ کو پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ جیسے ترقی …

اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، عوام کے تعاون کے بغیر وباءکا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا، ہمیں بحیثیت قوم مل کر اسے شکست دینا ہو گی۔ بدھ کو پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ممالک نے بھی مہلک وباءکے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں لیکن اللہ پاک کے فضل و کرم سے دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں صورتحال ابھی بہتر ہے، احتیاط ہی وباءکے خلاف موثر ہتھیار ہے، عوام کو چاہیے کہ غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، کثرت کے ساتھ ہاتھ دھوئیں، سماجی فاصلہ رکھیں، مصافحہ کرنے اور میل جول سے گریز کریں۔ علی محمد خان نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور ملک سے وباءکے خاتمے کیلئے خصوصی طور پر دعاﺅں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی کوئی مشکل وقت آیا تو پوری قوم نے متحد ہو کر اس کا مقابلہ کیا ہے، ہمیں اس وقت بھی مل کر وباءکے خلاف مقابلہ کرنا ہو گا اور اس سے چھٹکارا پانے کے بعد ہم ایک مضبوط قوم بن کر نکلیں گے۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کے حوالے سے اسپیکر اسد قیصر نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سے مشاورت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کے لوگ زیادہ متاثر ہوئے ہیں، مکمل لاک ڈاﺅن سے اس طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہو گا اسلئے حکومت نے آہستہ آہستہ کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میںگیس اور بجلی کے بلوں کے معاملے کے حوالے سے کابینہ کے اجلاس میں بات کروں گا۔