بیرون ملک سفارتی مشنز میں تعینات کامرس اینڈ انویسٹمنٹ افسران کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لانے کیلئے مارکیٹنگ کے خصوصی ٹاسک دیئے جائیں گے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق دائود

اسلام آباد ۔ 20 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستان سفارتی مشنز میں تعینات کامرس اینڈ انویسٹمنٹ افسران کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لانے کیلئے مارکیٹنگ کے خصوصی ٹاسک دیئے جائیں گے، فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کا یہ ترجیحی خصوصی اقتصادی زون سی …

اسلام آباد ۔ 20 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستان سفارتی مشنز میں تعینات کامرس اینڈ انویسٹمنٹ افسران کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لانے کیلئے مارکیٹنگ کے خصوصی ٹاسک دیئے جائیں گے، فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کا یہ ترجیحی خصوصی اقتصادی زون سی پیک منصوبہ کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں منعقدہ اجلاس کے دوران فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دیگر تکنیکی ماہرین کے علاوہ چیف آپریٹنگ آفیسر محمد عامر سلیمی بھی موجود تھے۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ 50 سے زائد ممالک میں تعینات یہ ٹریڈ اور سرمایہ کاری افسران متعلقہ ممالک سے متوقع سرمایہ کاروں کو فیڈمک کے ون ونڈو آپریشن سے مربوط کرنے کے پابند ہوں گے اور ان معاشی زونز کی انتظامیہ کو ان ممالک کے ساتھ تجارتی امکانات کے بارے میں آگاہ رکھیں گے جس سے پاکستانی مصنوعات کے فروغ و مارکیٹنگ اور ملکی برآمدات کا حجم بڑھانے میں مدد ملے گی۔ وزارت تجارت پہلے سے ہی بیرون ملک تعینات ٹریڈ اور سرمایہ کاری افسران کو ملکی مصنوعات کیلئے نئی اور قابل عمل مارکیٹوں کی تلاش اور پاکستانی برآمد کنندگان کے برآمدی آرڈرز کو منسوخ ہونے سے بچانے کیلئے ٹاسک سونپ چکی ہے۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ حکومت کووڈ۔19 کے بعد معاشی نمو کو برقرار رکھنے اور درپیش صورتحال کا جامع حل تلاش کرنے کیلئے سرگرم عمل اور ملک کو کنزیومر اکانومی سے انویسٹمنٹ اکانومی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ فیڈمک کے سربراہ میاں کاشف اشفاق نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے حوالہ سے کہا کہ صرف اس ایک منصوبے میں 400 صنعتیں قائم ہونے کے علاوہ تقریباً اڑھائی لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، اس منصوبہ میں تقریباً 450 ارب روپے کی غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری متوقع ہے اور ترقیاتی کام کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی اور ون ونڈو آپریشن کے ذریعے ان کے مسائل کا حل فیڈمک کی اولین ترجیح ہے اور ایم تھری منصوبے کی تکمیل کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے چیئرمین فیڈمک نے کہا کہ حکومت مختلف معاشی شعبوں کی ترقی پر توجہ دے کر ادائیگیوں کے توازن پر قابو پانے کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل میں عبدالرزاق دائود کا کردار قابل تعریف ہے اور ان کی انتھک کوششوں سے کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے۔کاشف اشفاق نے کہا کہ بہتر شرح نمو اور مقامی پیداوار کو بین الاقوامی مارکیٹ میں زیادہ مسابقتی بنانے کیلئے معیشت کے تمام شعبوں میں تکنیکی ترقی بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک دیانتدار لیڈر ہیں اور ان کی دیانتداری اور ساکھ سے بھی مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری ترغیب ملی ہے۔

مزید خبریں