وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق کی کراچی میں پولیو کے فرنٹ لائن ورکرز، ایریا سپروائزرز، صحافیوں اور ڈیجیٹل چیمپئنز سے ملاقاتیں

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو اور گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو (جی پی ای آئی) کی جینڈر چیمپئن عائشہ رضا فاروق نے کراچی میں پولیو کے فرنٹ لائن ورکرز، ایریا سپروائزرز، صحافیوں اور ڈیجیٹل چیمپئنز سے ملاقاتیں کیں اور فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کے تجربات، مسائل اور ضروریات سنیں۔یہ ملاقاتیں ستمبر میں مخصوص اضلاع میں ہونے والی پولیو مہم سے قبل کی گئیں۔

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو اور گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو (جی پی ای آئی) کی جینڈر چیمپئن عائشہ رضا فاروق نے کراچی میں پولیو کے فرنٹ لائن ورکرز، ایریا سپروائزرز، صحافیوں اور ڈیجیٹل چیمپئنز سے ملاقاتیں کیں اور فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کے تجربات، مسائل اور ضروریات سنیں۔یہ ملاقاتیں ستمبر میں مخصوص اضلاع میں ہونے والی پولیو مہم سے قبل کی گئیں۔

کراچی اور سندھ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔سندھ میں پولیو کے خلاف صورتحال میں بہتری کے حوصلہ افزا آثار سامنے آئے ہیں۔ صوبے میں 2026 کے دوران اب تک پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 9 کیسز سامنے آئے تھے۔ صوبے میں ماحولیاتی نگرانی کے کئی مقامات سے بھی اب پولیو وائرس کی موجودگی رپورٹ نہیں ہو رہی۔عائشہ رضا فاروق نے ایک سرکاری صحت مرکز میں پولیو کے فرنٹ لائن ورکرز سے ملاقات کی، جہاں حال ہی میں ٹیم سپورٹ سینٹر کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے ورکرز سے کھلی گفتگو کی اور مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل، دستیاب سہولیات، سکیورٹی اور فیلڈ میں درکار تعاون کے بارے میں ان کی رائے سنی۔

ملاقات کے دوران مقامی اور صوبائی سطح پر فوری اقدامات کی نشاندہی بھی کی گئی۔انہوں نے ایریا سپروائزرز سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے حال ہی میں قیادت اور مؤثر نگرانی سے متعلق **ٹریننگ** مکمل کی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک بھر میں 1,437 ایریا سپروائزرز کی **ٹریننگ** کی گئی ہے، جو مختلف اضلاع میں مستقل بنیادوں پر حفاظتی ٹیکہ جات فراہم کرنے والی ٹیموں کی نگرانی کرتے ہیں۔ ملاقات میں ٹیم مینجمنٹ بہتر بنانے اور فیلڈ ٹیموں پر انتظامی اور رپورٹنگ کا بوجھ کم کرنے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں کمیونٹیز جانتی ہیں، ان پر اعتماد کرتی ہیں اور اپنے گھروں کے دروازے کھولتی ہیں۔

مشکلات اور خطرات کے باوجود ان کا مسلسل کام کرنا قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات ہمارے احترام اور بھرپور تعاون کی مستحق ہیں۔ ان کی ہمت، عزم اور محنت کے ساتھ ہم پاکستان میں پولیو کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔دورے کے دوران عائشہ رضا فاروق نے پولیو پروگرام کے ڈیجیٹل چیمپئنز سے بھی ملاقات کی۔ یہ فرنٹ لائن ورکرز سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات کا مقابلہ کرنے اور والدین میں پولیو ویکسین کے حوالے سے اعتماد بڑھانے کے لیے تربیت یافتہ ہیں۔ اس اقدام کے تحت اب تک 1,400 سے زائد پوسٹس کی جا چکی ہیں، جنہیں 6.15 ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا ہے۔ڈیجیٹل چیمپئنز نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان کی موجودگی نے فیلڈ میں ان کی شناخت اور کمیونٹی تک رسائی کو بہتر بنانے میں بھی مدد دی ہے، جس سے گھرانوں سے رابطہ اور بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کی کوششیں مزید مؤثر ہوئی ہیں۔جی پی ای آئی کی جینڈر چیمپئن کی حیثیت سے عائشہ رضا فاروق نے سندھ کی خواتین صحافیوں سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں صحت اور ترقی کے موضوعات کی رپورٹنگ میں خواتین صحافیوں کو درپیش مسائل، میڈیا اور پولیو پروگرام کے درمیان تعاون بڑھانے اور فرنٹ لائن خواتین ورکرز کی خدمات اور مشکلات کو اجاگر کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان پولیو پروگرام ملک بھر میں فرنٹ لائن ٹیموں کے ساتھ ایسے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ ان کے تجربات، ضروریات اور تجاویز کو پروگرام کے فیصلوں میں شامل کیا جا سکے۔ فرنٹ لائن ورکرز کو بہتر سہولیات، تحفظ اور ضروری تعاون فراہم کرنا اس کوشش کا اہم حصہ ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں محفوظ اور مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔پاکستان جون 2027 تک پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کے ہدف کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں