وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا ملک کے مختلف پریس کلبز کے عہدیداران میں مالی معاونت کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے‘ میڈیا پر کسی قسم کا سنسرشپ نہیں ہے‘ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی طرح صحافی بھی کورونا وباءکے خلاف جنگ میں صف اول پر کام کر رہے ہیں‘محدود وسائل کے باوجود ملک کے طول و عرض کے پریس کلبز کی مالی معاونت کا …

اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے‘ میڈیا پر کسی قسم کا سنسرشپ نہیں ہے‘ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی طرح صحافی بھی کورونا وباءکے خلاف جنگ میں صف اول پر کام کر رہے ہیں‘محدود وسائل کے باوجود ملک کے طول و عرض کے پریس کلبز کی مالی معاونت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے‘ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر پریس کلبز کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔ وہ اتوار کو ملک کے مختلف پریس کلبز کے عہدیداران میں مالی معاونت کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی، نیشنل پریس کلب اسلام آباد سمیت ملک بھر کے پریس کلبز کے عہدیداران اس تقریب میں شریک تھے۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے آج خوشی کا دن ہے کہ میں ملک بھر کے مختلف پریس کلبز کے عہدیداران سے ملاقات کر رہا ہوں۔ وزارت اطلاعات کے سیکرٹری اور ان کی ٹیم نے جو کاوش کی ہے وہ کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی دیرینہ خواہش اور واضح ہدایات تھیں کہ کلبز اور صحافی برادری کی ہر ممکن مدد کریں اس کے ساتھ ساتھ وہ صحافی جو بیمار یا کسی مشکل میں ہیں ان کی بھی مدد کی جائے‘ اپنے محدود وسائل کے باوجود پریس کلبز اور صحافیوں کی مدد کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مشکل کام ہے‘ دوران ڈیوٹی صحافی کو ہر مشکل سے گزرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ ہر چیلج میں میڈیا کا اہم کردار ہے لیکن کورونا وباءمیں میڈیا کا جو کردار رہا ہے وہ انتہائی قابل تحسین ہے۔ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس سٹاف کی طرح صحافی بھی فرنٹ فٹ پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب چیلنجز آتے ہیں تو قوم کو قربانیاں دینی پڑتی ہیں یہ قربانیاں لیڈر سے شروع ہونی چاہئیں اور وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ ایک بہترین لیڈر ہیں اور قوم کو ہر چیلنج سے نکال سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ہماری حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، کسی قسم کا سنسر شپ نہیں ہے، یہ آزادی صحافت کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا تعلق لکھاری خاندان سے ہے اس لیے صحافیوں کے ساتھ زیادہ قربت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سالوں میں بھی پریس کلبز کی مالی معاونت کرتے رہیں گے اور بجٹ میں بھی فنڈز مختص کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کراچی پریس کلب، سکھر پریس کلب، کوئٹہ پریس کلب، گوادر پریس کلب، لاہور پریس کلب، ملتان پریس کلب، سرگودھا پریس کلب، فیصل آباد پریس کلب، بہاولپور پریس کلب، پشاور پریس کلب، کوہاٹ پریس کلب، ایبٹ آباد پریس کلب، صوابی پریس کلب، ہنزہ پریس کلب، گلگت پریس کلب، حیدرآباد پریس کلب اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداران میں مالی معاونت اور انفرادی کیسز میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے افراد کے لواحقین میں بھی مالی معاونت کے چیک تقسیم کیے۔