اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی) وفاقی وزراءسینیٹر شبلی فراز، حماد اظہر اور مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے، اپوزیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی لوٹ کھسوٹ، بیرون ملک جائیدادیں اور کاروبارکی وجہ سے آج ملک مسائل اور چیلنجز کی دلدل میں دھنس چکا ہے، …
وفاقی وزراءسینیٹر شبلی فراز، حماد اظہر اور مراد سعید کی مشترکہ پریس کانفرنس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی) وفاقی وزراءسینیٹر شبلی فراز، حماد اظہر اور مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے، اپوزیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی لوٹ کھسوٹ، بیرون ملک جائیدادیں اور کاروبارکی وجہ سے آج ملک مسائل اور چیلنجز کی دلدل میں دھنس چکا ہے، ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کی وجہ سے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، کیا اپوزیشن اسی وجہ سے احتجاج کر رہی ہے، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، 35 سال حکومت کرنے والوں نے عوام کو صحت کی کون سی سہولیات دی ہیں؟ عمران خان کے آنے سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے جس کا اپوزیشن کو بہت افسوس ہے‘ ماضی کے حکمران کرپشن سامنے آنے پر عوام کا سامنا کرنے کے قابل بھی نہیں رہے۔ وہ اتوار کی شام مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملکی معاشی چیلنجز سب کے سامنے ہیں۔ اس میں اپوزیشن کی یہ ہرگز ذمہ داری نہیں بنتی کہ وہ ساری ذمہ داری حکومت پر ڈالے اور خود خاموش تماشائی بنی رہے بلکہ اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اہم قومی معاملات پر اپنا آئینی حق ادا کرتے ہوئے معاملات نمٹانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے لیکن آج کی پریس کانفرنس اس بات کی غمازی ہے کہ اپوزیشن کچھ بھی نہیں کرنا چاہ رہی وہ صرف تماشا دیکھنا چاہتی ہے۔ ان کی ہر بات سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ اس ملک اور ملک کے عوام کے ساتھ خیرخواہ نہیں ہیں۔ وہ یہ چاہتے ہیں کہ کوئی ایسی بات بنے جس سے وہ دوبارہ اقتدار میں آ سکیں، آج اپوزیشن نے جس طرح کی باتیں کیں اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ” جنگل میں لپک رہے تھے شعلے طاﺅس کو رقص کی پڑی ہوئی تھی“۔ اسی طرح اپوزیشن بالخصوص مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی رقص کر رہی ہے۔ ہمارا ملک مشکل میں ہے، ملک کے اداروں، عوام کی حالت زار میں ان دو پارٹیوں کا کردار ہے۔ لوٹ کھسوٹ کر کے جائیدادیں بنائیں اور پھر ملک سے باہر جا کر بیٹھ گئے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو سب کچھ ہونے کے بعد لاک ڈاﺅن کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف اس وباءکا بہادری سے مقابلہ کیا بلکہ پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بھی بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جو غریب لوگوں کا رونا رو رہی ہے انہیں غریب عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ عمران خان کو عوام بالخصوص غریب عوام سے دلچسپی ہے اور ہر موقع پر غریب عوام کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں دیکھ نہیں سکتیں کہ ایسا کوئی وزیراعظم نہ ہو جس کا بیرون ملک کاروبار یا جائیدادیں نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی پارٹی میں نواز، مریم، شہباز خان گروپ ہیں طعنہ نہ دے ‘ ہماری پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔ عمران خان ملک کو انہی بلندیوں تک لے جائے گا جس کا یہ ملک حقدار ہے۔ وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا بلکہ ریلیف دیا گیا ہے، ملک میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ روایت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ سے باہر ہے، اپوزیشن بجٹ کیوں مسترد کررہی ہے، اپوزیشن کو صرف سرمائے کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں اتنی تیزی سے ملک میں تیل کی قیمت نیچے نہیں گئی لیکن اپوزیشن اپنی عادت اور مفادات سے مجبور ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں کورونا کیسز پاکستان سے زیادہ تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اپوزیشن آپس میں نورا کشتی کھیلتی ہے، ہم نے پنجاب میں 70 لاکھ صحت کارڈ تقسیم کئے، خیبرپختونخوا میں 10 لاکھ لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 35 سال تک حکومت کرنے والوں نے عوام کو صحت کی کونسی سہولیات دیں، سندھ کا صحت، تعلیم اور غربت کیلئے پیسہ کہاں لگایا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے سمارٹ لاک ڈاو¿ن کا فیصلہ 3 ماہ پہلے کیا، دنیا اس کی آج تقلید کر رہی ہے، دیہاڑی داروں کی معاشی بہتری کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا 144 ارب کا منصوبہ شروع کیا گیا اور ہم احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 60 لاکھ خاندانوں کو ریلیف پہنچا رہے ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ خواجہ آصف وزیر خارجہ اور وزیر دفاع ہوتے ہوئے غیر ملکی اقامہ رکھتے تھے، ایسے ظاہر کیا گیا کہ شہباز شریف آئیں گے تو کورونا پر قابو پالیں گے مگر انہیں کسی نے نہیں دیکھا۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ (ن) لیگ نے پی آئی اے کی فروخت کے ساتھ سٹیل ملزمفت دینے کا اعلان کر رکھا تھا، مسئلہ کشمیر 54 سالوں سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر نہیں تھا۔ عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، 2018ءمیں عالمی اخبارات کے مطابق پاکستان دیوالیہ ہونے جا رہا تھا۔ مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کے آنے سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا جس کا اپوزیشن کو افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صحت کے پروگراموں کا اپوزیشن کو دکھ ہے، سندھ میں غربت کے پیش نظر وفاق نے احساس پروگرام میں 10فیصد کوٹہ بڑھایا جس کا بھی اپوزیشن کو دکھ ہے، ماضی میں خسارے میں جانے والے ادارے آج ترقی کی طرف گامزن ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ 2013ءمیں 480 ارب روپے بغیر آڈٹ کے آئی پی پیز کو دیئے گئے۔ 5 ہزار روپے غیر ملکی قرضوں کے سود کی مد میں عمران خان نے ادا کئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بتائے کہ تھر میں بچے بھوک سے کیوں مر رہے ہیں، سندھ میں غربت کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت نے کیا اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں صحت کے شعبہ کے لئے جو اقدامات اٹھائے آج یہ شعبہ عوام کو 100 فیصد سہولیات دے رہا ہے، سندھ میں صحت کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور کا وزیر خزانہ اشتہاری ہے، خواجہ آصف امریکہ جاکر کہتے رہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے اڈے ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ آج کی متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریزاں ہے، ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن سامنے آنے پر وہ عوام کا سامنا نہیں کر پا رہے۔ وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کر رہا ہے، سندھ کو 6 ارب ملا وہ بتائے کہ انہوں نے کیا کام کیا اور یہ پیسہ کہاں خرچ کیا۔








