اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو صاف اور سرسبز ملک بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پوری قوم اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی، اس حوالہ سے نئی نسل زیادہ باشعور ہے، قدرتی ماحول کے …
وزیراعظم عمران خان کا پاکستان کو صاف اور سرسبز ملک بنانے کا عزم پوری قوم اور بالخصوص نوجوان شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کا کہوٹہ میں مون سون کی شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو صاف اور سرسبز ملک بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پوری قوم اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی، اس حوالہ سے نئی نسل زیادہ باشعور ہے، قدرتی ماحول کے تحفظ کیلئے تمام شہروں کے ماسٹر پلان تشکیل دیئے جائیں گے، عیدالاضحی پر کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، اس سلسلہ میں انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کہوٹہ میں مون سون کی شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور وزیر مملکت زرتاج گل بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں جنگلات کے رقبہ کا تناسب بتدریج کم ہوا ہے، اس کی وجہ جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور نئے درخت اگانے پر توجہ نہ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مستقبل اور نئی نسل کیلئے جنگلات کا رقبہ بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، اس مقصد کیلئے ہماری حکومت نے 10 بلین ٹری منصوبہ شروع کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت 2 سال میں 30 کروڑ پودے لگائے گئے ہیں جبکہ آئندہ سال جون تک یہ تعداد ایک ارب تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شجرکاری کی ضرورت کے پش نظر نرسریاں قائم کی گئی ہیں اور امید ہے کہ اس منصوبہ کے اہداف حاصل کر لئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو سرسبز بنانے کیلئے شجرکاری کے ساتھ ساتھ پودوں کی حفاظت کا انتظام بھی ضروری ہے، اس مقصد کیلئے مقامی لوگوں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کی اہمیت کے بارے میں نئی نسل میں زیادہ شعور موجود ہے، انہیں مزید آگاہی دینے کیلئے سکولوں میں ہفتہ میں 2 گھنٹے صاف و سرسبز پاکستان کے بارے میں تعلیم کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، صفائی کے بارے میں نوجوانوں کو ابھی سے تیاری کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں کے بے ہنگم پھیلائو سے قدرتی ماحول اور زراعت کے شعبہ پر اثرات مرتب ہوئے ہیں جس سے مستقبل میں خوراک کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس تناظر میں تمام چیف سیکرٹریز کو شہروں کے ماسٹر پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، اس کی روشنی میں شہروں کے انتظام کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے تقریب میں شریک طلباء کی جانب سے کورونا سے بچائو کیلئے اختیار کی گئی احتیاطی تدابیر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر اﷲ کا خاص کرم ہوا ہے، دنیا کے دیگر ممالک اور بالخصوص ہمسایہ ملک بھارت میں کورونا وائرس اور سخت لاک ڈائون سے بحران پیدا ہوا ہے، ہماری قوم نے حکومت کی وضع کردہ حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جس کے نتیجہ میں دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں حالات بہتر ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اس حوالہ سے انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں، اگر ہماری قوم نے احتیاطی تدابیر کی پابندی کی تو ہم اس بڑی آزمائش سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔








