اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پریس افسران کو اقوام عالم میں وطن ِعزیز کا نام بلند کرنے کیلئے خلوص ِدل اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینا ہوں گی ، نو منتخب افسران بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں جو ملکی ترقی کیلئے مد و معاون ثابت ہو …
پریس افسران کو اقوام عالم میں وطن ِعزیز کا نام بلند کرنے کیلئے خلوص ِدل اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینا ہوں گی ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا بیرون ملک مختلف پاکستانی سفارتخانوں میں نئے تعینات ہونے والے پریس اتاشیوں کی اورینٹیشن و الوداعی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 17 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پریس افسران کو اقوام عالم میں وطن ِعزیز کا نام بلند کرنے کیلئے خلوص ِدل اور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینا ہوں گی ، نو منتخب افسران بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں جو ملکی ترقی کیلئے مد و معاون ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بیرون ملک مختلف پاکستانی سفارتخانوں میں نئے تعینات ہونے والے پریس اتاشیوں کی اورینٹیشن و الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور ملکی تشخص کو دنیا بھر کے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے وزارت اطلاعات کا اہم کردار ہے ، یہ کردار عصر حاضر کے چیلینجز کو مد نظر رکھتے ہوئے اور جدیدمیڈیا رحجانات کو اپناتے ہوئے ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایشو، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے انتھک کوششوں،سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ نوجوانوں کی ترقی سمیت اہم امور کو اجاگر کرنے کیلئے پریس افسران کو قومی بیانیہ سے مکمل آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اطلاعات نے میزبان ملک کی زبان سیکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ مہارت افسران کی بیرون ملک موثر کارکردگی کے لئے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کا متحرک انداز سے تدارک کرنا ہو گا جس کے لئے پریس افسران کو ذرائع ابلاغ، تھنک ٹینکس، ذرائع ابلاغ کے اداروں، سوشل میڈیا سے وابستہ سرگرم افراد، ممتاز دانشور شخصیات کے ساتھ مصروف عمل رہنا ہوگا جس سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی نے بیرون ملک تعینات افسران کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ افسران اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اہم امور پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے متعلقہ شعبوں سے بریفنگ لیں۔ انہوں نے افسران پر یہ بھی زور دیا کہ میزبان ملک کے ذرائع ابلاغ کے اداروں سے رابطے میں رہتے ہوئے پاکستان کی سیاحت کی صلاحیتوں، اور بھرپور ثقافت اور قومی ورثے کو اجاگر کریں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستان اور اس کے عوام کی نمائندگی کرنے سے بڑا کوئی اعزاز نہیں اور کہا کہ ملک کی نمائندگی جہاں بہت بڑا اعزاز ہے وہاں ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جدید ابلاغیات کے دور میں جدید اور تیز تر مواصلاتی ذرائع اہمیت اختیار کر چکے ہیں اور بیرون ملک ہمارے پریس افسران کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سفارت کار ہر وقت ڈیوٹی پر ہوتا ہے اور ملک کی نمائندگی کرتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ نے اس موقع پر بیرون ملک افسران کے انتخاب کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔ اس تقریب میں وزارت اطلاعات کے مختلف ذیلی اِداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔








