وزیر اعظم عمران خان کا شیخوپورہ میں قائد اعظم بزنس پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

لاہور۔18 جولائی (اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی قوم انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، بدقستمی سے ملک میں طویل مدت کی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، صرف انتخابات جیتنے کے لئے شارٹ ٹرم پلاننگ کی جاتی رہی ہے، حکومت کی سمت درست ہے، عثمان بزدار ڈائنامک وزیر اعلیٰ ہیں، پاکستان کے پلانز پر عمل کر کے جنوبی کوریا اور ملائیشیا نے ترقی کی، …

لاہور۔18 جولائی (اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی قوم انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، بدقستمی سے ملک میں طویل مدت کی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، صرف انتخابات جیتنے کے لئے شارٹ ٹرم پلاننگ کی جاتی رہی ہے، حکومت کی سمت درست ہے، عثمان بزدار ڈائنامک وزیر اعلیٰ ہیں، پاکستان کے پلانز پر عمل کر کے جنوبی کوریا اور ملائیشیا نے ترقی کی، سنگاپور نے منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کئے اور ہم سے آگے نکل گیا، منصوبہ میں معاونت کے لئے وفاقی حکومت اقدامات کرے گی، سرخ فیتے کے ذریعے رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ ہفتہ کو لاہور کے قریب ضلع شیخوپورہ میں قائد اعظم بزنس پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک جیسا منصوبہ شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی اور نہ ہی ترقی یافتہ قوام کی فہرست میں شامل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا قبلہ درست ہے ہم نے ملک کے مختلف علاقوں میں نو خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے ہیں جہاں مراعات دی جارہی ہیں۔ وزیرا عظم نے کہا کہ 1960ءکی دہائی میں کہا جاتا تھا کہ پاکستان خطرہ کی قیادت کرے گا۔ جنوبی کوریا اور ملائیشیا نے ہمارے منصوبوں کی پیروی کر کے ترقی کی لیکن ہم پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم نے صرف الیکشن جیتنے کے لئے شارٹ ٹرم اقدامات کئے اور طویل مدت کی منصوبہ بندی چھوڑ دی۔ انہوں نے کہا کہ سنگا پور جیسا ملک ہم سے آگے نکل گیا۔ انہوں نے کہا کہ ساٹھ کی دہائی کے بعد ہماری پلاننگ ختم ہو گئی۔ ہم صرف اپنے مفادات کا سوچتے رہے اور مستقبل کا نہ سوچا۔ انہوں نے کہا کہ ہم منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کی بجائے اربوں روپے کے اشتہارات کی مد سے الیکشن جیتنے کا سوچتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسیع وسائل دستیاب ہیں لیکن اس کے باوجود ہم اہم دیگر ممالک سے پیچھے رہ گئے جس کی بنیادی وجہ ناقص منصوبہ بندی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعطم بزنس پارک کا محل و قوع انتہائی شاندار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارک کی تکمیل کے حوالہ سے صوبائی حکومت کو ہر طرح کی معاونت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک کا نظام ہی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن گیا ہے۔ قومی ترقی کے لئے نجی شعبہ کو معاونت کی فراہمی کے علاوہ سرخ فیتے سے رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ یہ ایسا نظام ہے جس کا مقصد ہے کہ کسی کو کام نہیں کرنے دینا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے باہر تھے تواندازہ نہ تھا کہ نظام میں اتنی خرابیاں ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی منصوبہ کے تحت 5 سال میں 50 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبہ پر پیش رفت کی تو ہر جگہ رکاوٹیں سامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19کے دوران تین چار ماہ کے دوران نظام کی تفصیلی سٹڈی کی ہے اور اگر آپ کے پاس پیسہ ہو تو آپ رشوت دے کر کوئی بھی کام کروا سکتے ہیں۔ وزیرا عظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کا شعبہ کسی بھی ملک کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہے لیکن شعبہ کے لئے ایسا مشکل نظام بنا دیا گیا ہے کہ ان کے ہر قدم پر مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ عام پاکستانی باہر جا کر ترقی کرتا ہے؟ کیونکہ وہاں ان کا سسٹم ہر کسی کو اجازت دیتا ہے۔ امریکا میں ڈریم سسٹم کے تحت آپ جو چاہئیں کریں، سسٹم آپ کو معاونت دے گا لیکن بدقسمتی سے یہاں سسٹم رکاوٹ بن جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاﺅسنگ پروگرام شروع ہو گیا ہے اور شعبہ میں پہلی مرتبہ مراعات دے کر ہم نے رکاوٹوں کا خاتمہ کیا ہے تاکہ عام آدمی کے لئے گھر دستیاب ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبہ میں عام آدمی کے لئے رکاوٹوں کو ختم کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبہ اور صنعتی شعبہ کو مواقع دے گی تاکہ محنت کر کے اوپر آ سکیں۔ حکومت رکاوٹیں ختم اور معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کاروباری آسانیوں کی فراہمی کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں مزید آسانیاں پیدا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب میں تین مرتبہ چین کے دورہ پر گیا تو وہاں صنعتی اور کاروباری وفود سے ملاقاتیں ہوئیں وہ سب پاکستان منتقل ہو کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے قائد اعظم بزنس پارک کو ایک روشن موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں پر ون ونڈو آپریشن کی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے چینی کمپنیاں اور دیگر عالمی سرمایہ کار بآسانی اپنا کاروبار اور صنعتیں قائم کر سکتے ہیں جس سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک قابل تحسین اقدام ہے جس پر پنجاب کی صوبائی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔ بزنس پارک میں سہولت کی فراہمی اور رکاوٹوں کے خاتمہ کے لئے وفاقی حکومت ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔