صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا دورہ

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا۔ این سی او سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود زمان خان نے صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ و تحقیق سیّد فخر امام، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور …

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا۔ این سی او سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود زمان خان نے صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ و تحقیق سیّد فخر امام، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ این سی او سی سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر اور ڈائریکٹر جنرل آپریشن اینڈ پلاننگ، این سی او سی میجر جنرل آصف محمود گورئیہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے مختلف پہلوﺅں، این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد، کورونا وائرس کے پھیلاﺅ اور وفاقی اکائیوں کے درمیان شاندار مربوط طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی۔ صدر مملکت کو کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے، صحت عامہ کے پروفیشنلز کی استعداد کار میں اضافہ، کورونا مریضوں کیلئے بیڈز کی دستیابی میں اضافہ، اہم ادویات کی بلاتعطل فراہمی، کورونا کے مریضوں کی نشاندہی اور رابطہ سے متعلق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال اور ملک میں صحت کے نظام میں بہتری کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ صدر مملکت نے وباءکا مو¿ثر انداز میں مقابلہ کرنے اور ملک بھر میں مربوط اقدامات یقینی بنانے پر این سی او سی کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ روزانہ کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی بنیاد پر صحت کے نظام میں بہتری، بہتر ریسورس مینجمنٹ اور مناسب ایس او پیز کی تشکیل کیلئے قابل بھروسہ ڈیٹا بیس، صحت سیفٹی پروٹوکول/رہنما اصول سمیت بیماری کے خلاف جنگ میں این سی او سی نے اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کی جانب سے صحت عامہ کے رہنما اصولوں پر عمل کرنے کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بیماری میں کمی آ رہی ہے تاہم عوام اور انتظامیہ کو اس پر مطمئن نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے تمام صوبوں کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کو حفاظتی رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ عیدالاضحی اور محرم الحرام کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مزید خبریں