وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خطہ میں امن و امان کی صورتحال کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں سے خطہ کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں، بھارت افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ وہ بدھ کو وزارت خارجہ میں خطہ میں امن و امان کی صورتحال کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم کے …

اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں سے خطہ کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں، بھارت افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ وہ بدھ کو وزارت خارجہ میں خطہ میں امن و امان کی صورتحال کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اعلیٰ عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی ہندوتوا سوچ اور جارحانہ پالیسیوں کے باعث پورے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں، بھارت افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اپنی داخلی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کیلئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے ذریعے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کشی اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی و علاقائی فورم پر اٹھا رہا ہے اور بھارت سرکار کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لا رہا ہے، نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو اپنا مو¿ثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں بھارت سرکار کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے اور انہیں مزید اجاگر کرنے کیلئے مختلف تجاویز کو زیر غور لایا گیا۔ اجلاس میں افغان امن عمل سمیت علاقائی سلامتی کے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔

مزید خبریں