اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو کی زیر صدارت نجکاری بورڈ کا اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران، وفاقی سیکرٹری نجکاری اور وزارت کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ہے۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران لسٹ میں شامل اداروں کی نجکاری کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ نجکاری بورڈ کے …
وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو کی زیر صدارت نجکاری بورڈ کا اجلاس ، لسٹ میں شامل اداروں کی نجکاری کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو کی زیر صدارت نجکاری بورڈ کا اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران، وفاقی سیکرٹری نجکاری اور وزارت کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ہے۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران لسٹ میں شامل اداروں کی نجکاری کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ نجکاری بورڈ کے اجلاس میں سروسز ہوٹل لاہور، فرسٹ ویمن بینک, ہاوس بلڈنگ فنانس اور جناح کنونشن سنٹر کے ٹرانزیکشن اسٹرکچرز کی منظوری دی گئی جن کی بڈنگ وسط اکتوبر میں متوقع ہے۔ سی ڈی اے، ایل ڈی اے، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں سے این او سیز کے حصول اور پےمنٹ اسٹرکچرز پر بھی باہمی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا کہ ان اداروں کی نجکاری سے حکومت کو بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے نجکاری کا عمل متاثر ہوا ہے تاہم نجکاری کمیشن کی بھرپور کوشش ہوگی کہ اس حوالہ سے مزید تاخیر نہ ہو۔ وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے مزید کہا کہ کورونا کی صورتحال اور بین الاقوامی سفر کی پابندیوں کے باعث پاور پلانٹس کی نجکاری طے شدہ وقت میں مکمل نہیں ہو سکی مگر اس سے متعلقہ تمام مسائل اور سرمایہ کاروں کے تحفظات کو تسلی بخش حد تک دور کریں گے۔ وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ حکام کو نجکاری سے متعلق معاملات کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدائت بھی کی ہے۔









