اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) چیف آرگنائر رپاکستان تحریک انصاف سیف اﷲ خان نیازی نے کہا ہے کہ اسٹیٹس کو پنجاب میں سیاسی عدم استحکام کو ہوا دے کر اصلاحات کا ایجنڈا ڈی ریل کرنا چاہتا ہے، سیاسی بیروزگاروں کو پنجاب کو مزید تختہ مشق بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، صوبے میں سیاسی شرارتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ہر سازش کا بھرپور جواب …
چیف آرگنائر رپاکستان تحریک انصاف سیف اﷲ خان نیازی کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) چیف آرگنائر رپاکستان تحریک انصاف سیف اﷲ خان نیازی نے کہا ہے کہ اسٹیٹس کو پنجاب میں سیاسی عدم استحکام کو ہوا دے کر اصلاحات کا ایجنڈا ڈی ریل کرنا چاہتا ہے، سیاسی بیروزگاروں کو پنجاب کو مزید تختہ مشق بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، صوبے میں سیاسی شرارتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ہر سازش کا بھرپور جواب دیں گے، معیاری حکومت اور فلاح عامہ کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مابین اہم ملاقات کمشنر راولپنڈی کے دفتر میں ہوئی جس میں تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر ارشد داد، تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر جمال انصاری، مرکزی سیکرٹری گڈگورننس شاہد یوسف، سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر ابوالحسن انصاری، سیکرٹری گڈگورننس پنجاب اعجاز منہاس شریک ہوئے جبکہ صوبائی وزراءاور اراکین صوبائی اسمبلی بذریعہ ویڈیو لنک شامل ہوئے۔ ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، صوبہ پنجاب کے سیاسی حالات، صوبے کے انتظامی معاملات، تنظیمی امور اور فلاحِ عامہ کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ معیاری حکومت اور فلاحِ عامہ کے حوالے سے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کاوشیں اور منصوبے لائقِ تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری حکومت فراہم کرنے اور نظام کی اصلاح سمیت تحریک انصاف کے منشور میں پنجاب کے حوالے سے طے شدہ اہداف حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لبادے میں مفاد پرست گروہ نے پنجاب میں حکومتی و سیاسی ڈھانچے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے جبکہ پنجاب کو ذاتی جاگیر کیطرح برتنے والوں نے کرپشن اور بدعنوانی کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیٹس کو پنجاب میں سیاسی عدم استحکام کو ہوا دیکر غیر یقینی پیدا کرنا اور اصلاحات کے ایجنڈے کو ڈی ریل کرنا چاہتا ہے جس کی کسی طور اجازت نہ دیں گے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ پنجاب میں ہونے والی سیاسی شرارتوں سے بخوبی آگاہ ہیں جن کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ہر سازش کا بھرپور جواب دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوامی خدمت کا منزلیں تیزی سے طے کریں گے اور جھوٹے پراپیگنڈے کو وسیلہ بنا کر منفی سیاست پروان چڑھانے والوں کو مایوسی اور ناکامی سے روشناس کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے جسے پنجاب کی تعمیر و ترقی کیلئے بروئے کار لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کے علمبرداروں کو عوام کی بے مثال خدمت اور نظام کی بہتری کے ذریعے بھرپور دیں گے۔ دوسری جانب انصاف ڈاکٹرز فورم کے ذمہ داران کا وفد مرکزی صدر ڈاکٹر مدیر خان کی قیادت میں چیف آرگنائزر تحریک انصاف اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مابین خصوصی ملاقات میں شریک ہوا جس میں انصاف ڈاکٹرز فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سعید مصطفیٰ اور پنجاب کے صدر ڈاکٹر محسن رانجھا بھی شامل تھے۔ ڈاکٹر عاصم ریاض، ڈاکٹر اسجد سلیم، ڈاکٹر عباس میرانی، ڈاکٹر احمد شمسی، ڈاکٹر عمر اور ڈاکٹر افضل ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کا حصہ بنے۔ چیف آرگنائزر تحریک انصاف اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مابین ملاقات میں شریک انصاف ڈاکٹرز فورم کے اعلیٰ سطحی وفد نے قائدین کو پنجاب کے اسپتالوں اور شعبہ صحت سے وابستہ پیشہ ور افراد کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چیف آرگنائزر تحریک انصاف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کوروناءجیسی مہلک وباءسے پیدا شدہ ہنگامی صورتحال میں سماجی خدمات کی روشن مثالیں قائم کرنے اور بیماری کے خلاف قومی کاوشوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے پر ڈاکٹرز سمیت شعبہ صحت سے وابستہ کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات بہم پہنچانے، ڈاکٹرز کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور شعبہ صحت کی مجموعی اصلاح یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیف آرگنائزر تحریک انصاف اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مابین اس خصوصی ملاقات میں پنجاب میں ضمنی انتخاب اور صوبے میں مقامی حکومتوں کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم امور پر بھی بات چیت کی گئی۔








