وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے حکومت کی موثرحکمت عملی کے باعث کورونا وائرس کے مجموعی کیسز اور اموات کی شرح میں کمی اور کورونا وائرس کے عدم پھیلاﺅپراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحی اور محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کے بچاﺅ کی ایس او پیز اور گائیڈ لائینز پر 100فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں، وفاقی …

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی کابینہ نے حکومت کی موثرحکمت عملی کے باعث کورونا وائرس کے مجموعی کیسز اور اموات کی شرح میں کمی اور کورونا وائرس کے عدم پھیلاﺅپراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحی اور محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کے بچاﺅ کی ایس او پیز اور گائیڈ لائینز پر 100فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں، وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ 5اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی بھر پور مذمت کی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کشمیر کا دورہ کریں گے اور سینٹ کا بھی خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا ، وفاقی کابینہ نے گذشتہ ماہ پیٹرول کی قلت پر تحقیقات کے لئے کمیشن کے قیام کی منظوری دیدی ہے ،ملک میں گندم ،آٹے اور چینی کی قلت نہیں ہے ،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیں گئی ہیں ، یورو فائیو پیٹرول کی فراہمی آئندہ ماہ سے شروع ہوگی،کراچی میں بارشوں کے بعد سیوریج کانظام مکمل فیل ہو چکا ہے،کراچی کی صورتحال دیکھ کر یہ لگتا ہے کہ وہاں کسی کی حکومت نہیں، وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں اور میڈیاورکرز کو تنخواہوں اوربقایاجات کی عدم فراہمی پرشدید ناراضگی کا اظہار کیا ۔پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ بشمول کراچی کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا، وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی ،کراچی میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے ایم این اے ایز اور ایم پی ایز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کراچی کے لوگوں سے رابطے میں رہیں اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے وفاق نے ان سے تجاویز مانگی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد سندھ حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت نظر آرہا ہے،وفاقی حکومت کراچی کیلئے جوکچھ ہو سکا وہ ہر ممکن حد تک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اربوں کے فنڈز کہاں استعمال کیے ، کراچی میں سیوریج کا نظام نہیں ہے ، سندھ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو ہونے والی تکلیف کا فوری ازالہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ،حکومت کے ریلیف اقدامات کی بدولت تعمیراتی شعبے کے حوالے سے سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں، جائیدادوں کی قیمتوں میں بہتری نظر آرہی ہے ۔ وفاقی وزیر شبلی فراز نے بتایا کہ بعض میڈیا اور اخبارات کے مالکان نے اپنے ورکرز کو تنخواہیں نہیں دیں،وزیراعظم نے میڈیا مالکان کی طرف سے ورکرز کو تنخواہیں نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے گذشتہ ماہ پیٹرول کی قلت کی انکوائری کے لئے تحقیقاتی کمیشن قائم کر دیا ہے ۔ اس کمیشن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ،اٹارٹی جنرل ، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن اور وزارت پیٹرولیم کے نمائندے شامل ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو یورو فائیو پیٹرول کوالٹی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ، یورو فائیو پیٹرول کی کوالٹی دنیا میں استعمال ہورہی ہے اس میں سلفر کم ہوتا ہے اس کا ماحول پر مثبت اثر مرتب ہوتا ہے ،یہ ماحول کے لئے بہتر ہے ،آئندہ ماہ سے یورو فائیو پیٹرول کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی ۔وفاقی کابینہ کو آٹے ،گندم اور چینی کے ذخائر کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس کے مطابق ملک میں آٹے اور چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں،کسی چیز کی کوئی قلت نہیں ہے، تمام صوبوں میں آٹے اور چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں، پنجاب میں آٹے کی فلور ملوں کو گندم کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے،پنجاب حکومت فلور ملوں کو گند م پر سبسڈی دے رہی ہے،گند م ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وفاقی وزیر شبلی فراز نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،وزیراعظم نے کورونا کیسز میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا،وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عیدپر احتیاط کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی اس لیے احتیاط کی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے قول و فعل میں واضح تضاد ہے ، سندھ حکومت نے کورونا پر بھی سیاست کرنے سے گریز نہیں کیا ،کورونا کے حوالے سے ہر صوبے کا حق ہے کہ وہ سمارٹ لاک ڈاو¿ن کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر کے سفیر ہونے کا حق اداکیا ہے ،5اگست کو کشمیر سے متعلق متعدد پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں،5اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی بھر پور مذمت کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا کے سلسلے میں اپوزیشن بلخصوص سندھ حکومت نے غیر یقینی صورتحال بنانے کی کوشش کرتے ہوئے کورونا پر بھی سیاست کی ،انھیں اب احساس ہو گیا ہے تو تسلیم کریں کہ ان کی حکمت عملی فائدہ مند نہیں اور وفاقی حکومت کی حکمت عملی کوسراہیں ۔ انہوں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان دونوں جماعتوں کے قائدین کی بغل میں چری اور منہ میں رام رام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے چھ لوگ روز ٹی وی پر بیٹھ کر وفاق پر حملے کرتے تھے ،باتوں سے کچھ نہیں ہوتا ،اگر سندھ میں کام ہوا ہوتا تو ایک بارش سے پورا کراچی نہ ڈوبا ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بارش سے کراچی ڈوبنے کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بھی بات ہوگی کیونکہ کورونا وائرس سے ابھی نکلے نہیں کہ کراچی والوں کے لئے اتنی بڑی مشکل آگئی ہے ، سندھ حکومت اس کی براہ راست ذمہ دار ہے ،سندھ حکومت کو جنگی بنیادوں پر عوام کے ریلیف پر کام کرنا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حقیقی معنوں میں کشمیر کی وکالت کرتے ہوئے دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا ہے ، مولانا فضل الرحمان جو آجکل ادھر ادھر گھوم پھر رہے ہیں ان سے کبھی پوچھا کہ بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی ،کشمیر کا مسئلہ کہاں کہاں اٹھایا ۔