وفاقی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر پیر نورالحق قادری کا فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب

فیصل آباد۔ 5 ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت اور علماءکے تعاون سے پاکستان کو یمن ،عراق اور شام کی طرح فرقہ واریت کے ذریعے تباہ کرنے کی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے دوٹوک اعلان کے بعد عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کی …

فیصل آباد۔ 5 ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت اور علماءکے تعاون سے پاکستان کو یمن ،عراق اور شام کی طرح فرقہ واریت کے ذریعے تباہ کرنے کی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے دوٹوک اعلان کے بعد عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کی کشمکش سے نکل آئے ہیں اور عرب ممالک کی اکثریت نے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے سلسلہ میں پاکستان کی تقلید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کے روز فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر نورالحق قادری نے کہا کہ گزشتہ 6، 7ماہ سے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان میں فرقہ واریت پھیلانے کی مذموم کوششیں کی جار ہی تھیں جس میں واضح طور پر اسلام دشمن عناصر اور قوتیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علماءنے پہلے ہی فرقہ واریت کے عفریت کو نکیل ڈالنے کافیصلہ کیا تھا کہ اپنے مسلک کو نہ چھوڑو اور دوسرے کے مسلک کو نہ چھیڑو ۔ انہوں نے بتایا کہ کئی سال قبل سعودی عرب میں بھی ایک کانفرنس ہوئی جس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ اسلام کے آٹھوں مسالک کو ماننے والے مسلمان اور ان میں سے کسی کو دین سے خارج قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے علماءپر زور دیا کہ وہ اسلام کے 90فیصد فقہی مشترکات کو پھیلائیں جبکہ دس فیصد معمولی اختلافات کو ہوا نہ دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم سے ایک ماہ قبل ہی انہوں نے واضح کر دیا تھا کہ مسلمانوں میں نفرتوں کا بیج بونے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کی سختی سے بیخ کنی کی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں علماءکے کردار کو سراہا اور کہا کہ محرم کے بعدبھی اسی جذبے کو برقرار رکھنا اب علماءکی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے پاکستانی علماءکے مشترکہ بیانیے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دوسرے ملکوں کی عدالتوں میں اس بیانیے کے حوالے دیئے جاتے ہیں جبکہ اس بیانیے کا مختلف زبانوں میں ترجمہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس بیانیے کا قانونی مسودہ تیار ہے جسے بہت جلد قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے لوگوںنے پاکستان میں ہی رہنا ہے لہٰذا اس سلسلہ میں اتحاد اور برداشت کی راہیں نکالنا ہونگی اور یہ کام صرف مکالمے سے ہی ہوگا ۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا اور کہا کہ دنیا پہلے کشمیر کو دوملکوں کے درمیان علاقائی تنازعہ سمجھتی تھی جبکہ اب اسے عالمی المیے کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ناروے اور سویڈن میں آزادی اظہار کے نام پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت خارجہ نے اس سلسلہ میں پالیسی بیان جاری کر دیا ہے جبکہ اس رجحان کی روک تھام کیلئے 14سے 15سرکردہ اسلامی ممالک کے تعاون سے عالمی سطح پر کنونشن منعقد کریں گے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں کے مطالبات کے سلسلہ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حج کے اخراجات میں پاکستان نے کوئی اضافہ نہیں کیالیکن اس کی وجہ روپے کی قدر میں کمی ، فضائی کرایوں اور سعودی عرب کی طرف سے ٹیکسوں میں اضافہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے حج کے سلسلہ میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حج پر جانے والے 23ہزار عازمین کی امیگریشن اسلام آباد میں ہوئی جبکہ آئندہ سال کراچی، لاہور اور پشاور کے عازمین کی امیگریشن بھی یہیں پر ہو گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر فیصل آباد سے براہ راست حج پروازوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تو یہاں کے عازمین کی امیگریشن بھی یہیں پر ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی تکنیکی رکاوٹ نہ ہوئی تو پھر آئندہ سال فیصل آباد سے حج پروازیں شروع ہوں گی۔وفاقی وزیر نے حاجی کیمپ کے مسئلہ کوخود ذاتی طور پر دیکھنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کے ملازمین کو سرکاری حج سکیم کے تحت حج پر بھیجنے کیلئے ویزے کا بندوبست وہ خود کریں گے۔ قبل ازیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے فیصل آباد سے براہ راست حج پروازیں شروع کرنے ، مستقل حاجی کیمپ کے قیام اور حج کے اخراجات کو کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ تقریب سے مولانا محمد یوسف انور، حاجی محمد شفیق کاشف، پروفیسر محمد یٰسین، اعجاز حسین مہدی، انجینئر عظیم رندھاوا، پروفیسر اسرار حسین معاویہ، حافظ محمد امجد او رمولانا زاہد محمود قاسمی نے بھی خطاب کیا اور اتحاد امت کیلئے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ آخر میں رانا محمد سکندر اعظم خاں نے مولانا پیر نورالحق قادری کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ مولانا محمد یوسف انور نے دعا کرائی۔