وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق کا پریس کانفرنس سے خطاب

کراچی۔6ستمبر(اے پی پی) کراچی میں میئر ناکام نہیں ہوا ہے بلکہ 2013 کا لوکل گورنمنٹ ایکٹ ناکام ہوا ہے ، لہذا اس ایکٹ کو تبدیل کیا جائے ، وفاق اور صوبہ میں دو الگ الگ جماعتوں کی حکومتیں ہیں لیکن سب اس شہر کے لئے کام کرنے جارہے ہیں ، یقین سے کہہ رہاہوں کہ تین سال میں کراچی کے انفراسٹرکچر میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔ ان خیالات کا …

کراچی۔6ستمبر(اے پی پی) کراچی میں میئر ناکام نہیں ہوا ہے بلکہ 2013 کا لوکل گورنمنٹ ایکٹ ناکام ہوا ہے ، لہذا اس ایکٹ کو تبدیل کیا جائے ، وفاق اور صوبہ میں دو الگ الگ جماعتوں کی حکومتیں ہیں لیکن سب اس شہر کے لئے کام کرنے جارہے ہیں ، یقین سے کہہ رہاہوں کہ تین سال میں کراچی کے انفراسٹرکچر میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہاراتوار کو وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے وفاقی وزیر اسد عمر کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی کے لئے 11 سو ارب روپے کے پیکج کے اعلان کے بعد گورنرہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماءاور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی اور رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی بھی موجود تھے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زید نے کہا کہ وفاق اور صوبہ میں دو الگ الگ جماعتوں کی حکومتیں ہیں لیکن سب اس شہر کے لئے کام کرنے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ صوبہ کے دیگر 5ڈویژن بھی بارش سے شدید متاثر ہوئے ہیں یہ بھی کراچی سے کم نہیں ہیں ، اگر کراچی کا ایڈمنسٹریٹر 21گریڈ کا افسر لگاتے ہیں تو وہاں بھی 21گریڈ کے افسرکوایڈمنسٹریٹر لگائیں تاکہ ان علاقوں میں بھی کام تیز کیا جاسکے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یقین سے کہہ رہاہوں کہ تین سال میں کراچی کے انفراسٹرکچر میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی ۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ شہر میں میڈیا کے ہیڈ آفسز ہونے کی وجہ سے یہاں کا میڈیا زیادہ فعال رہتا ہے ہمیں زیادہ خبریں بھی میڈیا سے ہی ملتی رہتی ہیں ، مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہی میڈیا سندھ کے دیگر علاقوں میں اس قدر فعال نہیں ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو بارش سے تباہی کے حوالہ سے جو حقائق بتائے اس کے مطابق 20 اضلاع میں تباہی ہوئی جس سے 23 لاکھ لوگ بے گھر ہوچکے ہیں ۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں میئر ناکام نہیں ہوا ہے بلکہ 2013 کا لوکل گورنمنٹ ایکٹ ناکام ہوا ہے ، لہذا اس ایکٹ کو تبدیل کیا جائے ، آنے والے میئر کے پاس اختیارات ہونے چاہئے ، اور یہ اختیارات صوبہ کے تمام اضلاع کے میئر زکو بھی ملنے چاہئے تاکہ لوگوں کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل ہو سکیں ۔ امین الحق نے کہا کہ بجلی بھی کراچی کا بڑا مسلہ بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو اس کے معاہدہ کا پابند کیا جائے اور شہر میں اووبلنگ کا بھی خاتمہ بھی یقینی بنایاجائے ۔وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ شہر کو پیکج دینے پر ہم وزیراعظم عمران خان کا شکر گزار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پیکج کراچی شہر کا حق ہے جو اسے دیا جارہا ہے ،آپ یقین کریں کراچی اس پیکج سے کہیں زیادہ کما کر دے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ماضی کے پیکج سے مختلف ثابت ہوگا اس وقت تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں ۔