وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا عالمی مہم بون چیلنج 2030ءکے حوالے سے بیان

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے باعث رونما ہونے والے زمینی بگاڑ سے نمٹنے کے لئے عالمی مہم بون چیلنج 2030ءمیں پاکستان بھی شامل ہو رہا ہے اور اس مہم کے تحت رضاکارانہ طور پرملک میں 10 لاکھ ہیکٹر زمین کی بحالی کرے …

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے باعث رونما ہونے والے زمینی بگاڑ سے نمٹنے کے لئے عالمی مہم بون چیلنج 2030ءمیں پاکستان بھی شامل ہو رہا ہے اور اس مہم کے تحت رضاکارانہ طور پرملک میں 10 لاکھ ہیکٹر زمین کی بحالی کرے گا جہاں پر ماضی میں جنگلات کی بلاروک ٹوک کٹائی سے زمینی بگاڑ کے شدید مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ وزارتِ موسمیاتی تبدیلی سے پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بحالی کے ان اقدام سے ماحولیاتی آلودگی، ماحولیاتی بگاڑ، زمینی کٹاﺅ، لینڈسلائیڈنگ جیسے مسائل سے نمٹنے اور حیاتیاتی تنوع، جنگلی حیات اور ان کے مسکن کو تحفظ فراہم کرنے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی عالمی مہم کے بون چیلنج 2020ءکےلئے خیبرپختونخوا صوبے نے جنگلات کی کٹائی کے باعث ہونے والے زمینی بگاڑ سے متاثرہ ساڑھے تین لاکھ ہیکٹرزمینی رقبے کی بحالی کرکے اس پر جنگلات لگانے کا ہدف مقرر کیا تھا تاہم یہ ہدف وزیراعظم کے بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت باآسانی حاصل کیا گیا تھا۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں کے دوران ملک بھر میں جنگلات کی کٹائی کے باعث ماحولیاتی بگاڑ اور موسمیاتی تبدیلی کی تباہکاریوں میں شدت دیکھی گئی ہے، جس سے ملکی معیشت کے ساتھ ساتھ ملکی زراعت اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ جس کے باعث فوڈ سکیورٹی، غربت ، بھوک و افلاس میں اضافہ ہورہا ہے۔ تاہم، ان موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے جنگلات کے رقبے میں اضافہ انتہائی ناگزیر ہے۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے موجودہ حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے وژن برائے کلین گرین پاکستان کے تحت ملک بھر میں مختلف بڑے منصوبوں سمیت ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام، پروٹیکٹڈ ایریا اینیشی ایٹیو، کلین گرین پاکستان انیشیٹیو، ریچارج پاکستان اینیشی ایٹو پرصوبوں کے تعاون سے تیزی سے عملدرآمد جاری ہے جن کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ملک امین اسلم کا مزید کہنا ہے کہ ان منصوبوں سے بون چیلنج 2030ءکے تحت نہ صرف ملک بھر میں جنگلات کی کٹائی کے باعث ہونے والے زمینی بگاڑ سے متاثرہ 10 لاکھ ہیکٹر رقبے کی بحالی میں بڑی حد تک مدد ملے گی بلکہ اس سے موسمیاتی تبدیلی کے معاشی و سماجی منفی اثرات، ماحولیاتی بگاڑ اور آلودگی جیسے مسائل کے حل میں بھی بڑی حد تک قابو پانے میں مدد ملے گی۔