چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات نے پاکستان براڈ کاسٹنگ (پی بی سی) انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ بدلتے ہوئے وقت اور حالات کی ضروریات کے مطابق ریڈیو پاکستان میں بہتری لائی جائے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس پیر کو پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے سوشل میڈیا پر ریڈیو …

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات نے پاکستان براڈ کاسٹنگ (پی بی سی) انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ بدلتے ہوئے وقت اور حالات کی ضروریات کے مطابق ریڈیو پاکستان میں بہتری لائی جائے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس پیر کو پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے سوشل میڈیا پر ریڈیو پاکستان کے خصوصی مواد کی موجودگی کی تعریف کی۔ کمیٹی نے ریڈیو پاکستان کی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ حاضرین کی شکایات کے ازالہ کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے پی بی سی انتظامیہ سے کہا کہ وہ عوامی خدمت کے پیغامات کے ذریعے بچوں سے بدسلوکی بارے آگاہی پیدا کرنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ کمیٹی کے رکن سینیٹر پیر صابر شاہ نے کہا کہ پی بی سی کو تمام زبانوں میں قومی ترجیحات کو اجاگر کرنا چاہئے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ لوگوں کو سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے قبل ازوقت خبردار کرنے کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)، ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کا جامع حکمت عملی کے تحت اپنا موثر اور بروقت کردار ناگزیر ہے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان میں کام کی جگہ ہراساں کرنے کے انسداد کے لئے باقاعدہ کمیٹی قائم ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ قومی اداروں میں حقدار اور مستحق لوگوں کو محروم کر کے میرٹ کے خلاف بھرتیوں سے بہت سارے قومی ادارے تباہ ہوگئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی بی سی امبرین جان نے کمیٹی کو جامع بریفنگ دی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر پی بی سی کی فعال موجودگی ہے جس میں فیس بک پر 2.56 ملین فالوورز ہیں اور ٹویٹر پر 0.6 ملین فالوورز ہیں۔ ریڈیو پاکستان میں ایک دو لسانی ویب سائٹ ہے جو اوسطاً 5478 انٹرنیٹ استعمال کرنے والے اپنی ویب سائٹ پر روزانہ رسائی حاصل کرتے ہیں اور اس کی نشریات براہ راست آڈیو اسٹریمنگ پر دستیاب ہے۔ آئندہ کے اقدامات کے بارے میں ، اجلاس کو بتایا گیا کہ پی بی سی بورڈ نے رواں سال جنوری میں ڈیجیٹل ریڈیو منتقلی کے منصوبے کی منظوری دی تھی جس پر تین مراحل میں عمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں سینیٹرز سجاد حسین طوری، مولا بخش، رخسانہ زبیری، پیر صابر شاہ اور روبینہ خالد نے شرکت کی۔ سیکرٹری اطلاعات کے علاوہ وزارت اطلاعات و نشریات اور ریڈیو پاکستان کے اعلی عہدیداروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔